کراچی کے سفاری پارک میں سونیا نامی ہتھنی مرگئی۔
ذرائع کے مطابق سونیا کی موت اچانک رات میں ہوئی۔ صبح عملہ سفاری پارک پہنچا تو ہتھنی کو مرا ہوا دیکھا۔
چند روز پہلے ہی ایک ہتھنی مدھوبالا کو چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا جبکہ اس کی بہنیں سونیا اور ملکہ پہلے سے سفاری پارک میں موجود تھیں۔
عالمی ماہرین کی تنظیم فور پاز کی نگرانی میں مدھوبالا کو ایک خصوصی تربیتی کنٹینر میں نیم بیہوشی کی حالت میں منتقل کیا گیا تھا۔
کراچی چڑیا گھر کی مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کردیا گیا
مدھوبالا کی منتقلی کا فیصلہ دو سال قبل ہتھنی نور جہاں کی موت کے بعد کیا گیا تھا۔ عالمی ماہرین کی تنظیم فور پاز کے ڈاکٹر عامر خلیل نے بتایا کہ مدھوبالا 15 سال سے کراچی چڑیا گھر میں موجود تھی، اور اسے کامیابی سے منتقل کرنا تمام ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مدھوبالا چڑیا گھر میں محدود جگہ پر رہ رہی تھی، اس لیے اسے سفاری پارک میں منتقل کیا گیا جہاں اس کے لیے کھلا انکلوژر اور سوئمنگ پول بنایا گیا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ اقدام بچوں کی تفریح اور جانوروں کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھ کر کیا گیا۔