[ad_1]
کیجریوال نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بی جے پی نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ سب کچھ بدل دیں گے۔ یعنی بجلی 24 گھنٹے نہیں ملے گی، خواتین کا مفت بس سفر بند کر دیا جائے گا۔
دہلی میں اگلے سال کے اوائل میں اسمبلی انتخابات ہوں گےدھیرے دھیرے سیاست گرم ہونا شروع ہو گئی ہے۔ دہلی کے سابق وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بی جے پی کے نعرے کو لے کر سخت حملہ کیا ہے اور سیاست شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’وہی ہوا جس کا خدشہ تھا۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ اگر ہم انہیں ووٹ دیتے ہیں تو وہ وہ تمام کام بند کر دیں گے جو عام آدمی پارٹی کی حکومت نے 10 سالوں میں دہلی کے لوگوں کے لئے کئے ہیں۔‘
کیجریوال نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ’ آج انہوں نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ سب کچھ بدل دیں گے۔ یعنی 24 گھنٹے بجلی نہیں ملے گی، پھر بجلی کی طویل کٹوتی شروع ہو جائے گی، مفت بجلی بند ہو جائے گی، بجلی کے بل ہر ماہ ہزاروں روپے میں آنے لگیں گے، خواتین کا مفت بس سفر بند ہو جائے گا، تمام سرکاری ا سکول دوبارہ برباد ہو جائیں گے، تمام محلہ کلینک بند ہو جائیں گے، تمام سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات اور علاج کی سہولت بند ہو جائے گی۔‘
واضح رہےکہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا گیا ہے۔ دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا کے ساتھ ان کی اہلیہ، پارٹی کے ریاستی انتخابی انچارج بائی جینت پانڈا، انتخابی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین اور مرکزی وزیر ہرش ملہوترا، اراکین اسمبلی رامویر سنگھ بیدھوڑی، منوج تیواری، کمل جیت سہراوت، بانسوری سوراج، یوگیندر چندولیا، پروین کھنڈیلوال اور دیگر اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر پانڈا نے نیا نعرہ دیا ‘اب نہیں سہیں گے، بدل کر رہیں گے‘۔
اس دوران، پانڈا اور دیگر رہنماؤں نے وینوں کے ایک بیڑے کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جو اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کے منشور کے لیے عوام سے رائے لینے کے لیے دہلی بھر کا سفر کرے گی۔ اس موقع پر بی جے پی رہنماؤں نے کہا کہ دہلی کے لوگ گندے پانی کی سپلائی، خراب سڑکوں، مہنگی بجلی اور آلودگی سے راحت حاصل کرنے کے لیے اب عآپ کو اقتدار سے ہٹانا چاہتے ہیں۔
بی جے پی کے نعرے پر طنز کرتے ہوئے کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن پارٹی کا نعرہ “تبدیلی لائے گا” سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دہلی میں ان کی پارٹی کی حکومت کے ذریعہ کئے گئے تمام کاموں کو روکنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے اس نعرے کے مطلب کو ہی بدل کر پیش کر دیا جبکہ بی جے پی کے نعرے میں ایسا کچھ نہیں ہے۔
کیجریوال کے الزامات پر بی جے پی نے جوابی رد عمل دیا ہے۔ دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا نے کیجریوال کے بیان کو بے لگام قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیا نعرہ عوام میں بہت مقبول ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے کیجریوال گھبرا گئے ہیں، سچدیوا نے یہ بھی واضح کیا کہ دہلی میں چلنے والی عوامی خدمت کی اسکیموں جیسے مفت بجلی، پانی وغیرہ اور گلابی ٹکٹ کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ وریندر سچدیوا نے کہا کہ کجریوال کی حکومت بدعنوانی میں ملوث ہے اور اسی وجہ سے وہ بی جے پی کے بدلاؤ کے اس نعرے سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام بالخصوص نوجوان اور خواتین بی جے پی کے نعرے کو دل و جان سے قبول کر رہے ہیں۔
دراصل ستر رکنی دہلی اسمبلی کے انتخابات اگلے سال فروری میں ہونے ہیں۔ دہلی میں 1998 سے اقتدار سے باہر بی جے پی اروند کیجریوال کی زیرقیادت عام آدمی پارٹی کو شکست دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]