[ad_1]
ایسا نہیں ہے کہ ترنمول کانگریس نے پہلی بار مغربی بنگال کا نام بدلنے کی بات کہی ہے۔ اس سے قبل 2011 میں جب پہلی بار ممتا بنرجی وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہوئی تھیں تو اس وقت بھی یہ مطالبہ کیا گیا تھا۔
پارلیمنٹ میں ترنمول کانگریس نے ایک بار پھر مغربی بنگال کا نام بدل کر ’بنگلہ‘ کرنے سے متعلق اپنے پرانے مطالبہ کو دہرایا ہے۔ ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ممتا ٹھاکر نے راجیہ سبھا میں خصوصی ذکر کے دوران حکومت سے ریاست کا نام بدلنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دراصل 2018 میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی حکومت نے ریاستی اسمبلی میں یہ قرارداد پاس کر کے مرکزی حکومت کی وزارت داخلہ سے نام تبدیل کرنے کی گزارش کی تھی۔ نام بدلنے کے پیچھے ریاستی حکومت نے یہ دلیل دی تھی کہ یہ مغربی بنگال کے لوگوں سے منسلک ایک جذباتی مسئلہ ہے۔ ریاست کے بنگالی بولنے والے لوگ ریاست کا قدیم نام بدل کر ’بنگلہ‘ رکھنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے پچھلے کچھ سالوں میں کئی بڑے شہروں کے نام بدلے گئے ہیں۔ چنئی، بنگلورو، ممبئی، پریاگ راج جیسی بہت سی مثالیں موجود ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ترنمول کانگریس کی جانب سے پہلی بار مغربی بنگال کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ 2011 میں کیا گیا تھا۔ 2011 میں پہلی بار جب ممتا بنرجی وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہوئی تھیں تو انہوں نے ریاست کا نام بدلنے کی بات کی تھی۔ اس وقت کی یو پی اے حکومت نے اس تجویز کو تکنیکی وجوہات کی بنا پر خارج کر دیا تھا۔ تقریباً 7 سال بعد 2018 میں ممتا حکومت نے ایک بار پھر نام کی تبدیلی سے متعلق تجویز پیش کی تھی، جس پر موجودہ حکومت نے اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ 2018 کی تجویز میں یہ بھی دلیل دی گئی تھی کہ مغربی بنگال ملک کے مشرقی حصہ میں واقع ہے نہ کہ مغربی حصہ میں۔
ترنمول کانگریس کی جانب سے پیش کردہ تجویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریاست کو یہ نام ملک کی آزادی کے بعد 1947 میں ملا تھا۔ اس وقت کے بنگال کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا مشرقی علاقہ پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) اور مغربی علاقہ ہندوستان کو دے دیا گیا تھا۔ اس لیے اس ریاست کا نام مغربی بنگال رکھا گیا۔ اس نام کا 1947 سے قبل کی بنگال کی تاریخ اور ثقافت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ترنمول کانگریس پارلیمانی اور اسمبلی انتخاب کے دوران اس ایشو کو ہمیشہ سے اٹھاتی رہی ہے۔ نام بدلنے کے پیچھے دیے گئے تمام وجوہات میں ایک وجہ یہ بھی ہے کہ انگریزی میں ’حروف تہجی‘ کے اعتبار سے ’ویسٹ بنگال‘ سب سے اخیر میں آتا ہے۔ 2011 میں ممتا بنرجی نے پہلی بار وزیر اعلیٰ کے طور پر مرکزی حکومت کی جانب سے منعقد ایک پروگرام میں شرکت کی تھی تو ان کو سب سے آخر میں اپنی بات رکھنے کا موقع ملا تھا۔ ایسا اس لیے کیونکہ ’حروف تہجی‘ کے اعتبار سے مغربی بنگال اخیر میں آتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link