دیویندر یادو نے کہا کہ ’’2014 میں کانگریس حکومت نے ’اسٹریٹ وینڈرس پروٹیکشن ایکٹ‘ بنایا تھا۔ اس قانون کو اروند کیجریوال نے اپنی 11 سالہ دور حکومت میں نافذ کرنے کی کوشش بھی نہیں کی۔‘‘
دیویندر یادو / پریس ریلیز
دیویندر یادو / پریس ریلیز
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے آج ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخاب میں دہلی میں کانگریس کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’دہلی نیائے یاترا‘ کے دوران جب میں نے دہلی کی عوام کے درمیان جا کر ان کی تکلیف کو قریب سے دیکھا اور جانا تو لوگوں نے آئندہ اسمبلی انتخاب میں کانگریس کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔ یاترا کے دوران نہ صرف لوگوں نے حمایت کا بھروسہ دلایا بلکہ کندھے سے کندھا ملا کر یاترا کے ساتھ بھی چلتے دکھائی دیے۔ اس دوران دیویندر یادو نے اعلان کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخاب میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی سب سے پہلے جدوجہد کی زندگی گزارنے والے اسٹریٹ وینڈرس کے لیے ’اسٹریٹ وینڈنگ ایکٹ‘ لاگو کرنے اور آٹو والوں کے لیے ’لائسنس پرمٹ‘ کھولنے کا کام کیا جائے گا۔
دہلی کانگریس صدر نے کالا بازاری ختم کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا اور کہا کہ کانگریس اس کے لیے پابند عہد ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ پرمٹ/لائسنس فراہم کرنے کے لیے آٹو رکشا کا رجسٹریشن کانگریس دوبارہ کرے گی، جبکہ دہلی میں 93654 آٹو پہلے سے ہی رجسٹرڈ ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان کے کنبہ میں 4 افراد ہوں گے تو کانگریس پارٹی کو سیدھے طور پر 4 لاکھ سے زائد ووٹوں کا فائدہ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2014 میں کانگریس کی یو پی اے حکومت کے وزیر برائے شہری ترقی اجے ماکن نے ’اسٹریٹ وینڈرس پروٹیکشن ایکٹ‘ بنایا تھا۔ اس قانون کو اروند کیجریوال نے اپنی 11 سالہ دور حکومت میں نافذ کرنے کی کوشش بھی نہیں کی۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی پر بھی حملہ بولا اور کہا کہ ’’بی جے پی قیادت والی مرکزی حکومت اور کارپوریشن نے ’وینڈنگ زون‘ بنانے میں پوری طرح سے بے عملی کا مظاہرہ کیا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی بھی اسٹریٹ وینڈرس کے خلاف رہی ہے اور ان کو ملنے والے پچھلے سال کے بجٹ 468 کروڑ روپے میں تخفیف کرتے ہوئے 326 کروڑ کر دیا۔
دیویندر یادو نے عام آدمی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2014 میں عآپ نے جب دہلی کا اقتدار اپنے ہاتھ میں لیا تھا تب کیجریوال نے کئی وعدے کیے تھے۔ کیجریوال نے مہنگائی کی شرح کے مطابق سال بہ سال آٹو کرایہ میں اضافہ، آٹو ڈرائیوروں کو پولیس کی ہراسانی سے روکنے اور آٹو پرمٹ ڈرائیوروں کی تعداد بڑھانے جیسی مراعات کا اعلان کیا تھا۔ ایک لاکھ روپے دینے اور پوری دہلی میں کم از کم 300 آٹو اسٹینڈ کی تعمیر کرانے کا بھی وعدہ تھا لیکن کیجریوال نے آٹو ڈرائیوروں کو دھوکہ دیا اور ان سے کیے کسی بھی وعدے کو پوار نہیں کیا۔ کانگریس نے ہمیشہ سے محنت کر کے روزی روٹی کمانے والے لوگوں کی مدد کی ہے۔ 2025 میں کانگریس برسر اقتدار ہوتے ہی محنت کش غریبوں سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔