[ad_1]
زیتون کا تیل طبی لحاظ سے بہت فائدہ مند ہے جس کی اکثر خوبیاں آپ نے مختلف مضامین میں پڑھی ہوں گی مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس سے بہت کچھ ایسا بھی کیا جاسکتا ہے جس کا آپ نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہوگا؟
یعنی یہ جسم کے باہری اور اندرونی حصوں کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے۔
سنت نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں بھی زیتون کے تیل کے متعدد فوائد بیان کیے گئے ہیں جس کی تصدیق اب 1400 سال بعد طبی سائنس بھی آہستہ آہستہ کرتی جارہی ہے۔
تو زیتون کے تیل کے چند ایسے انوکھے طریقے جانے جو آپ کی زندگی کو آسان بناسکتے ہیں۔
لمبی زندگی
زیتون کا تیل استعمال کرنے والے اکثر لمبی عمر پاتے ہیں، ایسا ان خطوں میں عام دیکھنے میں آتا ہے جہاں کھانے اس تیل میں پکائے جاتے ہیں۔ زیتون کا تیل پولی فینولز سے بھرپور ہوتا ہے جو صحت بخش کے لیے قابل قدر جز ہے، جو عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والے امراض جیسے ہائی بلڈ پریشر اور امراض قلب کا شکار ہونے سے بچاتا ہے۔
فالج کی روک تھام
فالج کے خطرے کو روکنے کا ایک ذریعہ غذا میں زیتون کے تیل کا استعمال بڑھا دینا ہے، مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ اس تیل کا استعمال معمول بنالینا فالج کا خطرہ کم کرتا ہے۔
امراض قلب سے تحفظ
کولیسٹرول کی دو اقسام ہوتی ہیں، ایک ایل ڈی ایل (نقصان دہ) اور دوسری ایچ ڈی ایل (فائدہ مند)، امراض قلب سے بچنے کے لیے ایل ڈی ایل کی سطح کو کم رکھنا ضروری ہوتا ہے جبکہ دوسری کی سطح بڑھانا ہوتی ہے، اس کا یک ذریعہ زیتون کا تیل، سبزیاں، پھل اور اجناس پر مشتمل غذا کا استعمال ہے۔
بالوں کی نشوونما
اگر آپ کے بال خشک اور نازک یا ہلکے ہوگئے ہیں تو ان میں نمی لانے کے لیے زیتون کے تیل کو استعمال کرکے دیکھیں۔ اس کے لیے آدھا کپ زیتون کے تیل کو گرم کریں (نیم گرم ابالنا نہیں) اور پھر آہستگی سے اپنے بالوں پر لگائیں۔ اپنے بالوں کو کسی پلاسٹک کے تھیلے سے کور کرلیں اور اس کے اوپر تولیہ لپیٹ لیں۔ 45 منٹ تک تولیہ لگا رہنے دیں پھر شیمپو سے دھولیں۔
کیل مہاسوں سے نجات
ہوسکتا ہے کہ زیتون کے تیل کو جس طریقے سے چہرے پر استعمال کرکے کیل مہاسوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے وہ عجیب لگے مگر بیشتر ماہرین اس کی تصدیق کرتے یں۔ چار چائے کے چمچ نمک کو تین چائے کے چمچ زیتون کے تیل میں ملا کر ایک پیسٹ سا بنالیں۔ اب اس مکسچر کو اپنے ہاتھوں اور انگلیوں پر انڈیل لیں اور چہرے پر پھیرنا شروع کردیں۔ ایک یا دو منٹ تک ایسا کریں اور پھر نیم گرم پانی سے دھولیں۔ اس طریقے کو ایک ہفتے تک روزانہ آزمائیں اور پھر اس کو ہفتے میں دو سے تین بار تک محدود کردیں۔ آپ کو جلد اپنے چہرے پر نمایاں بہتری نظر آئے گی۔
کینسر کی روک تھام
زیتون کا تیل کینسر کی روک تھام کے لیے مددگار ثابت ہوچکا ہے، اس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس ممکنہ طور پر خلیات کی غیرمعمولی نشوونما کی روک تھام کرتے ہیں جبکہ ایک تحقیق کے مطابق زیتون کے تیل میں موجود ایک جز کینسر زدہ خلیات کو ختم کرتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ورم دور کرے
جسمانی ورم متعدد امراض کی وجہ بنتا ہے اور اس کی روک تھام مختلف مسائل سے بچاتی ہے۔ زیتون کے تیل میں موجود پولی فینولز ورم کش ہوتے ہیں اور جسم میں کسی دردکش دوا کی طرح ہی کام کرتے ہیں۔ دردکش ادویات کا طویل المعیاد استعمال تو ممکن نہیں مگر زیتون کے تیل کو آسانی سے زندگی کا حصہ بنایا جاسکتا ہے کیونکہ یہ نقصان دہ نہیں۔
ذیابیطس سے بچاو
زیتون کا تیل کولیسٹرول اور گلوکوز لیول کو موثر طریقے سے کم کرتا ہے، اسی لیے اسے ذیابیطس کے خلاف فائدہ مند مانا جاتا ہے جبکہ خون کی شریانوں کے مسائل سے بھی بچاتا ہے۔
جلد کی نمی بحال کرے
موسم سرما میں خشک جلد کے مسئلے سے بچنا چاہتے ہیں؟ تو زیتون کا تیل استعمال کریں، اس میں موجود وٹامن ای، پولی فینولز اور دیگر اجزاءاس حوالے سے فائدہ مند ہوتے ہیں۔ یہ تیل سورج سے جلد کو ہونے والے نقصان سے تحفظ دیتا ہے اور جلدی کی نمی بحال کرتا ہے۔ اس تیل کی مالش جلد پر کرنا مختلف جلدی مسائل سے بچاتا ہے۔
دماغی افعال بہتر کرے
زیتون کا تیل دماغ کے لیے بھی فائدہ مند ہے، جسے بہت زیادہ آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے، جس کی کمی مضر صحت فری ریڈیکلز کی مقدار بڑھاتی ہے جو کہ وقت گزرنے کے ساتھ الزائمر اور دماغی تنزلی کا باعث بن سکتا ہے۔
صحت مند جسمانی وزن
زیتون کے تیل میں فیٹی ایسڈز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو کہ زیادہ کھانے سے روکتی ہے، جس کے نتیجے میں یہ گھی کا بہترین متبادل تو ہے ہی، تاہم اسے خالی پیٹ پینا بہت کم عرصے میں توند کو گھٹانے میں مدد دیتا ہے۔
ہونٹوں کے پھٹنے کے مسئلے پر قابو پائیں
ہونٹ خشک ہونے اور پھٹنے کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے زیتون کے تیل کو چینی، شہد اور براﺅن شوگر میں مکس کرکے متاثرہ حصے میں لگائیں، جس سے مردہ جلد سے نجات کے ساتھ ہونٹوں کی خشکی اور پھٹنے کے مسئلے سے نجات مل جائے گی۔
جوڑوں کا درد دور کرے
یہ درد صرف بوڑھے افراد کو نہیں جوانوں کو بھی شکار کرسکتا ہے، مگر زیتون کے تیل کی ورم کش خصوصیات اس سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق زیتون کے تیل میں موجود ایک جز اس حوالے سے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
سر کی جووں سے نجات
زیتون کے تیل کو سر پر لگائیں، پھر سر کو ڈھانپ کر سوجائیں، صبح اٹھ کر کنگھی پھیریں اور پھر بال دھولیں، جووں سے نجات مل جائے گی۔
بڑھاپے کے آثار روکے
زیتون کے تیل میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس عمر بڑھنے سے طاری ہونے والے اثرات کو زائل کرتے ہیں اور جلد میں نیا پن لاتے ہیں۔ یہ جسم میں گردش کرنے والے فری ریڈیکلز کو روکتے ہیں جو جلد کو نقصان پہنچا کر بڑھاپے کی جانب سفر تیز کردیتے ہیں۔
نظام ہاضمہ بہتر کرے
خالی پیٹ زیتون کے تیل کا ایک چمچ پینا آنتوں کے نظام کو ٹھیک کرکے قبض سے نجات دلانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اچھے معیار کا تیل غذائی نالی کے لیے چربی گھلانے والے وٹامنز کو جذب کرنا ممکن کردیتا ہے۔
میک اپ صاف کرے
زیتون کا تیل قدرتی میک اپ ریموور کی طرح کام کرتا ہے، یہ وائپس کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند اور جلد کے لیے بہتر ہوتا ہے، خاص طورپر آئی میک اپ کو ہٹانے کے لیے بہترین ہے۔
کانوں کی صفائی
ایک یا دو قطرے زیتون کے تیل کو کان میں ڈالنے سے اس میں پیدا ہوجانے والے میل کو آسانی سے ہٹایا جاسکتا ہے، امریکن ہیئرنگ ریسرچ فاﺅنڈیشن کے مطابق تیل کو کان میں کچھ منٹ کے لیے رہنے دیں، اس کے بعد اسے کسی کپڑے یا تولیے پر جھکا کر صفائی کرلیں۔
[ad_2]
Source link