مہاراشٹر میں مہایوتی حکومت کے قیام پر شکوک کے بیچ ایکناتھ شندے نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور امت شاہ کے فیصلے کو مکمل حمایت دیں گے۔ شندے دو دن کی خاموشی کے بعد ممبئی کے لیے روانہ ہوئے
ایکناتھ شندے، تصویر آئی اے این ایس
ایکناتھ شندے، تصویر آئی اے این ایس
مہاراشٹر میں مہایوتی حکومت کے قیام پر جاری شکوک و شبہات کے درمیان کارگزار وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے دو دن کی خاموشی کے بعد آج ستارا سے ممبئی کے لیے روانہ ہو گئے۔ روانگی سے قبل ایک پریس کانفرنس میں شندے نے واضح کیا کہ انہوں نے پہلے ہی وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدر کے فیصلے کو غیر مشروط حمایت دی ہے اور وہ مہاراشٹر کے لیے ان کے کسی بھی فیصلے کو قبول کریں گے۔
ستارا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شندے نے اپنی صحت کے بارے میں بتایا کہ وہ آرام کرنے کے لیے آئے تھے کیونکہ انتخابی مہم میں سخت مشقت کے سبب طبیعت متاثر ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 2.5 سالہ دور حکومت میں کوئی چھٹی نہیں لی اور انتخابی مہم کے دوران ایک دن میں 8-10 جلسے کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت عوام کی آواز ہے اور وہی کرے گی جو عوام کی بھلائی کے لیے بہتر ہو۔
حکومت سازی پر بات کرتے ہوئے شندے نے کہا کہ مہاراشٹر کے عوام کو جیسی حکومت چاہیے ویسی حکومت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تینوں اتحادی جماعتوں کے درمیان مکمل تال میل ہے اور حکومت کے قیام کے لیے وزیر اعظم اور امت شاہ جو بھی فیصلہ کریں گے اسے وہ قبول کریں گے۔ شندے نے اپنی حکومت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2.5 سال کے قلیل عرصے میں ان کی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے بڑے منصوبے شروع کیے ہیں جو سنہرے حروف میں لکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے انہیں اتنا بڑا آشیرواد دیا کہ اپوزیشن کو مضبوط اپوزیشن لیڈر بھی نہیں ملا۔ مہاراشٹر کے انتخابی نتائج کے بعد مہایوتی کو اکثریت حاصل ہونے کے باوجود حکومت سازی کا تنازع جاری ہے، خاص طور پر وزیر اعلیٰ کے عہدے کو لے کر بی جے پی اور شندے کی قیادت والی شیو سینا کے درمیان اختلافات کی افواہیں ہیں۔ شندے کے ستارا جانے سے قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئیں، تاہم، یہ توقع کی جا رہی ہے کہ اتوار کی شام تک اہم سیاسی پیش رفت سامنے آ سکتی ہے اور حکومت سازی پر حتمی فیصلہ ہو سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔