شرد پوار نے کہا کہ نتائج کے بعد ہم عوام کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں اور ایم وی اے اتحاد میں کوئی تال میل کی کمی نہیں ہے، تاہم انتخابی رائے کا ووٹ میں تبدیل نہ ہونا افسوسناک ہے
ممبئی: این سی پی-ایس پی کے صدر شرد پوار نے اتوار کے روز مہاراشٹر میں اپوزیشن اتحاد مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کی شکست کو تسلیم کر لیا۔ کراڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا، ’’مہاراشٹر کے عوام کے فیصلے کو ہم نے قبول کیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار کو زیادہ سیٹیں ملی ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ این سی پی کا بانی کون ہے، اس بات کا سب کو علم ہے۔
شرد پوار نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کے انتخابی نتائج توقعات کے برعکس آئے ہیں۔ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں مثبت نتائج کے باوجود، اس بار ہمیں نتائج میں وہ کامیابی نہیں مل سکی جس کی ہم نے امید کی تھی۔ ان کے مطابق، اس شکست کے بعد ریاست میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی توقعات پر پورا اتر سکیں۔
انہوں نے کہا، ’’میں نے بارامتی میں اجیت پوار کے خلاف یوگیندر پوار کو اتاڑ کر کوئی غلطی نہیں کی تھی۔ یہاں سے کسی کو تو انتخاب لڑنا تھا۔ مہاراشٹر انتخاب کے نتائج توقع کے برخلاف آئے ہیں۔ حالیہ اختتام پذیر پارلیمانی انتخاب کے مثبت نتائج کے بعد ہم لوگ کافی پُر اعتماد تھے۔ اس انتخابی نتائج کے بعد ہمیں لگتا ہے ریاست میں ابھی اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ہم شکست کی وجوہات کا جائزہ لیں گے اور عوام سے رابطہ کریں گے تاکہ یہ سمجھ سکیں کہ کہاں کمی رہ گئی۔ شرد پوار نے مہا یوتی کی کامیابی کو خواتین کے ووٹوں کی بڑی تعداد سے منسلک کیا اور انتخابی عمل میں پیسے کے استعمال کو غیر معمولی قرار دیا۔ انہوں نے یو پی کے وزیر اعلیٰ کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ پولرائزیشن چاہتے ہیں۔
شرد پوار نے اس بات پر زور دیا کہ ایم وی اے اتحاد میں کوئی تال میل کی کمی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مختلف اضلاع میں مشترکہ طور پر انتخابی مہم چلائی تھی، اور ہر پارٹی نے مل کر محنت کی تھی۔ ان کے مطابق، ہم نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے رائے لی تھی لیکن ہمیں یہ نہیں معلوم تھا کہ وہ رائے ووٹ میں تبدیل نہیں ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔