ہندوستان اور چین کے درمیان کھیلے گئے فائنل مقابلے میں پہلے 2 کوارٹر میں کوئی گول نہیں ہوا، تیسرے کوارٹر کے شروع میں دیپکا نے گول داغنے میں کامیابی حاصل کی، اور پھر اس کے بعد کوئی گول نہیں ہوا۔
ہندوستان کی خاتون ہاکی ٹیم نے آج ایشین چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں چین کو شکست دے کر ایک بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ بہار کے راجگیر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فائنل مقابلے میں چین کو 0-1 سے شکست دے کر ہندوستان نے تیسری بار اس خطاب پر قبضہ کیا ہے۔ سلیما ٹیٹے کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے اس میچ میں چین کو ایک بھی گول کرنے کا موقع نہیں دیا۔ اس جیت کی ہیرو دیپکا رہیں جنھوں نے میچ کا واحد گول داغا۔
آج کھیلے گئے فائنل مقابلے میں پہلے 2 کوارٹر میں کوئی گول نہیں ہوا تھا۔ یعنی ہاف ٹائم تک کوئی بھی ٹیم سبقت حاصل نہیں کر سکی تھی۔ پہلے ہاف میں ہندوستان کو 4 پنالٹی کارنر ملے، جبکہ چین کو 2 پنالٹی کارنر حاصل ہوئے۔ دونوں ہی ٹیمیں ان مواقع کا فائدہ اٹھانے میں کامیاب نہیں ہوئیں۔ اس کے بعد تیسرے کوارٹر کے شروع میں ہی دیپکا نے گول داغ کر ہندوستان کو 0-1 کی سبقت دلا دی، اور آخر تک یہ سبقت برقرار رہی۔
ہندوستان نے اس ٹورنامنٹ میں اپنے سبھی میچ جیت کر سبھی کو حیران کر دیا۔ سیمی فائنل میں ہندوستان کی لڑکیوں نے جاپان کو 0-3 سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل لیگ اسٹیج میں ہندوستان نے چین کو بھی 0-3 سے شکست دی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ فائنل میں ہندوستانی ٹیم کا حوصلہ بلند تھا، اور بالآخر ایشین چمپئنز ٹرافی پر قبضہ بھی کر لیا۔ یہ تیسرا موقع ہے جب ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے اس خطاب پر قبضہ کیا ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے 2016 اور 2023 میں یہ خطاب اپنے نام کیا تھا۔