[ad_1]
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ اداروں اور فری لانسرز کے لیے وی پی این رجسٹریشن کا عمل مزید آسان کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سافٹ ویئر ہاوٴسز، کال سینٹرز، بینک، سفارت خانے اور فری لانسرز اب پی ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر اپنے وی پی اینز باآسانی رجسٹرڈ کر سکتے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے اراکین بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ وی پی اینز کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن فارم مکمل کرنا اور بنیادی تفصیلات فراہم کرنا اہم ہے، جس میں شناختی کارڈ نمبر (سی این آئی سی)، کمپنی کی رجسٹریشن کی تفصیلات اور ٹیکس دہندہ کی حیثیت شامل ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فری لانسرز کو اپنے پروجیکٹ یا کمپنی کے ساتھ وابستگی کی تصدیق کے ضمن میں لیٹر یا ای میل پر مبنی ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔
پی ٹی اے کے مطابق درخواست دہندگان کو وی پی این کنیکٹیویٹی کے لیے آئی پی ایڈریس بھی فراہم کرنا ہوگا، فکسڈ آئی پی ایڈریس کی صورت میں اسے انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرسے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ رجسٹریشن کے حوالے سے یہ ایک مفت عمل ہے جس کی درخواست جمع کرانے کے 8 سے 10 گھنٹوں کے اندر منظوری کا عمل مکمل ہو جاتا ہے اور اب تک 20 ہزار سے زائد کمپنیاں اور فری لانسرز اس موٴثر عمل کے ذریعے کامیابی سے اپنے وی پی اینز رجسٹر کروا چکے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ کوئی بھی فرد جو کمرشل مقاصد کے لیے وی پی این استعمال کرنا چاہتا ہے، وہ ‘فری لانسر’ کی کیٹیگری کے تحت اپنی درخواست جمع کرواسکتا ہے، جس کے لیے انہیں مطلوبہ معلومات سمیت امپلائر سے متعلقہ ثبوت بھی فراہم کرنا ہوں گے۔
[ad_2]
Source link