شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپسی پر دھام پور تھانہ حلقہ کے قومی شاہراہ 74 پر فائر اسٹیشن کے قریب حادثہ پیش آیا۔ ہلاک شدگان میں 2 مرد، 4 خواتین اور ایک لڑکی شامل ہے۔
سڑک حادثہ / یو این آئی
سڑک حادثہ / یو این آئی
اتر پردیش کے بجنور ضلع میں ہفتہ کی صبح ایک دردناک سڑک حادثہ ہوا۔ اطلاع کے مطابق ایک تیز رفتار کار نے ٹیمپو میں زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ ٹیمپو سڑک کے کنارے کھائی میں گر گیا۔ اس حادثہ میں دولہا اور دولہن سمیت 7 افراد کی موت ہو گئی، جس میں 6 افراد ایک ہی کنبہ کے بتائے جاتے ہیں۔ حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور فوراً سبھی لوگوں کو اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے 7 لوگوں کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ اس حادثے میں سنگین طور پر زخمی 2 لوگوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ٹیمپو میں سوار لوگ دولہے کو جھارکھنڈ میں شادی میں لے کر گئے تھے۔ شادی ہونے کے بعد دولہا اور اس کے رشتہ دار دلہن لے کر لوٹ رہے تھے۔ سبھی لوگ دھام پور تھانہ علاقہ میں قومی شاہراہ پر واقع فائر اسٹیشن کے پاس پہنچے تھے، تبھی یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ بجنور کے تبڑی گاؤں کا رہنے والا یہ کنبہ شادی کے بعد ٹرین سے مراد آباد پہنچا تھا۔ مراد آباد ریلوے اسٹیشن پر اترنے کے بعد سبھی نے رات میں ہی آٹو بُک کیا اور اپنے گھر کو واپس آر ہے تھے۔
ایس پی بجنور نے بتایا کہ آٹو میں ڈرائیور کے علاوہ دولہا، دولہن اور اس کے رشتہ دار بھی سوار تھے۔ سبھی لوگ بجنور کے دھام پور تھانہ حلقہ کے قومی شاہراہ 74 پر واقع فائر اسٹیشن کے قریب پہنچے تھے، اسی دوران سامنے سے آ رہی ایک تیز رفتار کریٹا کار نے کسی دوسری گاڑی کو اوور ٹیک کیا۔ لین بدلتے وقت کریٹا کار نے آٹو میں ٹکر مار دی۔ ٹکر لگنے کے بعد آٹو سڑک کے کنارے کھائی میں جا گرا۔ موقع پر ہی دولہا اور دلہن سمیت 6 لوگوں کی موت ہو گؑئی۔ بعد میں اسپتال لے جاتے وقت آٹو ڈرائیور کی بھی جان چلی گئی۔
ہلاک شدگان میں 2 مرد، 4 خواتین اور ایک لڑکی شامل ہے۔ مرنے والوں کی شناخت خورشید، اس کا بیٹا، بہو خوشی، اہلیہ روبی اور بیٹی بشریٰ کے طور پر کی گئی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو اسپتال میں پہنچانے کے ساتھ مناسب علاج کرایا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔