پی سی ایس کے امتحان کے لیے 5،75،154 اور آر او/اے آر او کے امتحان کے لیے 10،76،004 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ حکومت کی جانب سے 19 جون 2024 کو حکم جاری کیا گیا تھا کہ ایک شفٹ میں 5 لاکھ سے زائد امیدوار نہ ہوں۔
یو پی پی سی ایس امتحان کے حوالے سے چل رہی طلباء کی تحریک نے اپنا رنگ دکھا دیا ہے۔ امتحان کے متعلق طلباء کے مطالبہ کو حکومت کے ذریعہ مان لیا گیا ہے۔ اب یو پی پی سی ایس کا امتحان پہلے کی طرح ایک دن اور ایک ہی شفٹ میں کرایا جائے گا، دو دن امتحان والا حکم واپس لے لیا گیا ہے۔ ضلعی افسر اور کمیشن کے سکریٹری نے طلباء کے درمیان آ کر لاؤڈاسپیکر سے اس بارے میں جانکاری دی۔ ڈی ایم نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حکم پر کمیشن نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ کچھ دیر بعد اس کا نوٹس بھی جاری کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب یوپی پبلک سروس کمیشن کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ آر او/اے آر او کا امتحان منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، یہ کمیٹی امتحان کے متعلق فیصلہ لے گی۔ اس اعلان کو سننے کے بعد احتجاجی طلباء مشتعل ہو گئے اور تحریک کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملے کو الجھانے کی کوشش ہے۔ احتجاجی طلباء کی تحریک ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ طلباء آر او/اے آر او امتحان ایک دن میں کرانے اور پی سی ایس کے ابتدائی امتحان بھی ایک دن میں کرانے سے متعلق نوٹس جاری کرنے کی مانگ پر اڑے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ تاریخ میں پہلی بار پی سی ایس اور آر او/اے آر او کے امتحانات دو روز میں کرانے کا شیڈول جاری کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے یہ امتحانات ایک ہی دن میں کرائے جاتے تھے۔ پی سی ایس کے امتحان کے لیے 5،75،154 امیدوار اور آر او/اے آر او کے امتحان کے لیے 10،76،004 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ حکومت کی جانب سے 19 جون 2024 کو ایک حکم جاری کیا گیا تھا کہ ایک شفٹ میں 5 لاکھ سے زیادہ امیدوار نہ ہوں، اس سے زیادہ امیدوار ہونے پر امتحان کئی شفٹوں میں کرائی جائے۔ اب یہ حکم منسوخ ہو گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔