[ad_1]
انڈین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری شیلیندر یادو نے کہا ’’ہماری ٹیم گروگرام میں پریکٹس کر رہی ہے۔ کھلاڑی اب وزارت خارجہ کی جانب سے این او سی ملنے کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘
ہندوستانی وزارت کھیل کی جانب سے ہندوستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ دراصل پاکستان اس بار بلائنڈ ٹی-20 ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس کے متعلق کئی روز سے میڈیا میں خبریں آ رہی تھیں کہ بلائنڈ ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت ملے گی یا نہیں۔ اسی درمیان منگل کو وزرات کھیل نے بلائنڈ ٹیم کو پاکستان دورے کی اجازت دے دی۔ حالانکہ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کی جانب سے اجازت ملنی باقی ہے۔
وزارت کھیل نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ایسے وقت میں پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت دی ہے، جب پاکستان میں ہونے والے چمپئنز ٹرافی کے لیے روہت شرما کی ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں ملی ہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔ 2025 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان میں ہو رہا ہے، اور اب اس ٹورنامنٹ کو لے کر کشمکش والی حالت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بی سی سی آئی کے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بین الاقوامی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کی بات کر رہا ہے۔ دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان سے ہائبرڈ ماڈل کی میزبانی پر جواب مانگا ہے۔
بہرحال، چوتھا بلائنڈ ٹی-20 ورلڈ کپ 22 نومبر سے 3 دسمبر تک لاہور اور ملتان میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اس ٹورنامنٹ کا موجودہ چمپئن ہے۔ متعلقہ وزارتوں سے منظوری ملنے کے بعد ہندوستانی ٹیم 21 نومبر کو واگہہ بارڈر کے راستے پاکستان جائے گی۔ دریں اثنا، انڈین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری شیلیندر یادو نے کہا کہ ’’ہماری ٹیم گروگرام میں پریکٹس کر رہی ہے۔ کھلاڑی اب وزارت خارجہ کی جانب سے این او سی ملنے کا انتظار کر رہے ہیں اور انہیں مثبت فیصلے کی امید ہے۔‘‘
بلائنڈ ٹی-20 ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، نیپال اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ہندوستان اس ٹورنامنٹ میں گزشتہ 3 بار کا چمپئن ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے فائنل میں 2 بار پاکستان اور 1 بار بنگلہ دیش کو شکست دی ہے۔ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے ہندوستان کے علاوہ تمام ٹیموں نے حامی بھر دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link