حادثہ چین کے جھوہائی شہر میں پیش آیا۔ کار سوار نے اسپورٹس سینٹر میں ورزش کر رہے سینکڑوں لوگوں کی بھیڑ پر کار چڑھا دی۔ اس حادثہ میں کم از کم 35 لوگوں کی موت ہو گئی اور تقریباً 4 درجن افراد زخمی ہوئے۔
سڑک حادثہ / یو این آئی
سڑک حادثہ / یو این آئی
چین میں ’ہٹ اینڈ رن‘ کا ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہ حادثہ چین کے جنوب مشرق کے جھوہائی شہر میں پیش آیا۔ ایک کار سوار نے اسپورٹس سینٹر میں ورزش کر رہے سینکڑوں لوگوں کی بھیڑ پر کار چڑھا دی۔ اس واقعہ میں کم از کم 35 لوگوں کی موت ہو گئی اور تقریباً 4 درجن افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس اہلکاروں نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ واقعہ حادثہ تھا یا سازش۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہ حادثہ چینی پیپلس لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے ذریعہ منعقد جھوہائی ایئر شو سے ایک روز قبل پیر کو ہوا ہے۔ ڈرائیور کی شناخت فین (62 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ جھوہائی کے شانگ چانگ اسپتال کے عملوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کچھ زخمی لوگ آئے تھے جو علاج کے بعد چلے گئے۔
اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک فائر عملہ زخمی شخص کو سی پی آر کرتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ درجنوں لوگ اسپورٹس سینٹر کے رننگ ٹریک پر ساکت و جامد لیٹے ہوئے تھے۔ زخمی لوگوں میں سے ایک خاتون چیخ رہی تھی کہ میرا پاؤں ٹوٹ گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شیانگ جھوؤ ضلع میں جھوہائی شہر اسپورٹس مرکز کے طور پر مقبول ہے۔ یہاں لوگ ٹریک میدان پر دوڑتے ہیں، فٹبال کھیلتے ہیں اور ثقافتی پروگرامز میں حصہ لیتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔