[ad_1]
کراچی: شہرِ قائد میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 8 افراد زخمی ہوگئے جس میں 4 افراد ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 8 افراد زخمی ہوگئے جس میں 4 افراد ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بنے، پیر آباد میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر ساڑھے گیارہ نشان حیدر چوک کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 2 نوجوان زخمی ہوگئے جنھیں چھیپا کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی شناخت 26 سالہ رمضان اور 25 سالہ ماجد کے نام سے کی گئی جنھیں ٹانگ اور کمر پر گولیاں لگی تھیں جبکہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔
نیو کراچی کے علاقے سیکٹر فائیو ایل اپوا اسکول کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر 25 سالہ فیضان کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے ران پر گولی لگی تھی ۔
بلوچ کالونی کے علاقے محمود آباد 5 نمبر گلی نمبر 19 میں موٹر سائکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 28 سالہ فیصل زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا ۔
اتحاد ٹاؤن کے علاقے اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی پریشان چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال لیجایا گیا۔
ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن ایاز خان نے بتایا کہ مضروب کی شناخت 30 دلاور کے نام سے کی جسے سینے پر پسلی کے قریب گولی لگی تھی جو دوسری جانب سے پار ہوگئی جبکہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ دلاور سے پہلے ملزمان کی ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد انھوں نے فائرنگ کر دی جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے 5 خول ملے ہیں جبکہ مضروب مومن آباد کا رہائشی اور مذکورہ مقام پر فرائی مچھلی فروخت کرتا ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 فاروقی کالونی نورانی مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں فائرنگ کے واقعہ میں 22 سالہ عبدالمعیز زخمی ہوگیا۔
مومن آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا ہے جبکہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر الیون ای میں فائرنگ 42 سالہ متین زخمی ہوگیا جس کی ٹانگ پر گولی لگی تھی فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔
اس حوالے سے مومن آباد پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ، الفلاح کے علاقے البیلہ سوسائٹی میں فائرنگ کے واقعہ میں 28 سالہ مہتاب عالم زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ اور ملزمان کا تعین نہیں ہو سکا اس حوالے سے مضروب کا بیان قلمبند کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا قصبہ محمد پور کالونی گلی نمبر 3 پراچہ قبرستان کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے 2 نوجوان زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔
پیر آباد پولیس کے مطابق دونوں کی شناخت 20 سالہ اختر اور 22 سالہ بلال کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے ۔
[ad_2]
Source link