اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو پولیس نے ڈی چوک سے گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ڈی چوک سے گرفتار کرکے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے آج اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کارکنان ڈی چوک پہنچنا شروع ہوگئے، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی احتجاج میں شرکت کے لیے ڈی چوک پہنچی تھیں جہاں سے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
اس کے علاوہ پولیس نے ڈی چوک پہنچنے والے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کیا جبکہ فیض آباد اور مری روڈ پر پیش قدمی روکنے کیلیے شدید شیلنگ بھی کی جس کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔