ممبئی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی سُپر اسٹار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان کی بلاک بسٹر فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی بھارت میں ریلیز سے متعلق بڑا انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کے ڈسٹری بیوٹر ندیم منڈی والا نے ‘انڈیا ٹوڈے’ کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ وہ فلم کو پورے بھارت میں نہیں بلکہ صرف ریاست پنجاب میں ریلیز کر رہے ہیں۔
ندیم منڈی والا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ اب بھی بھارت میں کچھ غیر معمولی بزنس کر سکتی ہے کیونکہ یہ فلم تاحال کسی بھی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دستیاب نہیں ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ چونکہ یہ فلم بھارت میں اپنی ریلیز کے دو سال بعد ریلیز ہورہی ہے تو اسی وجہ سے وہ جوش و خروش نہیں ہے جیسا کہ اس کی اصل ریلیز کے دوران تھا۔
مزید پڑھیں: فواد خان کی ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی بھارت میں ریلیز کی تاریخ کا اعلان
‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کے قریبی ذرائع نے بھی بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم کو صرف ریاست پنجاب میں ریلیز کرنے کا مقصد یہ جاننا ہے کہ کیا بھارت میں پاکستانی فلمیں ریلیز کرنا فلمسازوں کے لیے فائدہ مند ہے یا نہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر بھارتی پنجاب میں ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی ریلیز کا مثبت ردعمل ملا تو ہم اس فلم کو بھارت کی دیگر ریاستوں میں بھی ریلیز کریں گے۔
اس سے قبل ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کے ہدایتکار بلال لاشاری نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ اُن کی یہ فلم اگلے ماہ 2 اکتوبر کو صرف بھارت کے پنجاب میں ریلیز ہوگی۔
واضح رہے کہ فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ سال 2022 میں پاکستان میں ریلیز ہوئی تھی اور غیر معمولی کامیابی حاصل کی تھی، یہ فلم 1979 کی ہٹ فلم ‘مولا جٹ’ کا ری میک ہے۔