اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ کے مسلمانوں کی مصیبتیں عالمی اتحاد کی کھلم کھلا تضحیک ہیں۔
اقوام متحدہ کی سمٹ آف دا فیوچر سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نئے عالمی چیلنجز اوربڑھتی ہوئی کشیدگی سے دنیا کے منقسم ہونے کا خطرہ ہے۔ دنیا کو متحد کرنے کے لیے انصاف اورمساوات ضروری ہیں۔ غزہ کے مسلمانوں کی مصیبتیں عالمی اتحاد کی کھلم کھلا تضحیک ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ معاشی طور پر کمزور ممالک پر قرضوں کے انبار،معاشی تقسیم، عدم برداشت، دہشت گردی، غیرقانونی قبضے اور غربت میں اضافہ عالمی اتحاد میں رکاوٹ ہیں۔ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے عالمی معاشی ڈھانچے کی اصلاحات ضروری ہیں۔ رعایتی قرضے، ترقیاتی معاونت اور ترقیاتی بینکوں سے قرضوں میں اضافہ معاشی طور پر کمزور ممالک میں پائیدار ترقی کے لیے معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ عالمی برادری کو ترقیاتی سرمایہ کاری کے جدید طریقوں کے بارے میں سوچنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عصرِ حاضر میں ٹیکنالوجی میں جدت ترقی کی ضمانت ہے۔ ہرشخص بالخصوص کرہ ارض کے جنوبی ممالک میں ہرشہری کی جدید ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ ہمیں دنیا کو ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ نا انصافی اور عدم مساوات مقامی اور بین الاقوامی سطح پر برے عناصر کو استحصال کا موقع دیتے ہیں۔ ہر شخص بالخصوص کرہ ارض کے جنوبی ممالک میں ہر شہری کی جدید ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔
اجلاس سے مختلف ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی خطاب کیا۔