نیویارک: عالمی شہرت یافتہ امریکی اداکارہ و گلوکارہ سیلینا گومز صرف 32 سال کی عُمر میں دُنیا کی ارب پتی شخصیات کی فہرست میں شامل ہوگئیں۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق دُنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی 32 سالہ سیلینا گومز کے اثاثوں کی مالیت 1.3 بلین ڈالرز ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیلینا گومز بطورِ سرمایہ کار اور انٹراپرینوئیر معاشی میدان میں بھی ترقی کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے امریکا کے نوجوان اور سیلف میڈ ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں۔
سیلینا گومز کی آمدنی کی بات کریں تو وہ اپنے پانچ سال پُرانے میک اپ برانڈ ‘ریر بیوٹی’ کے ذریعے سب سے زیادہ کمائی کررہی ہیں جبکہ اس کے علاوہ سیلینا کی دولت میں کچھ حصہ اُن کی اداکاری، گلوکاری اور برانڈ پارٹنرشپ کے ذریعے آیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلینا گومز نے میک اپ برانڈ کے علاوہ ذہنی صحت سے متعلق ‘ونڈر مائنڈ’ میں بھی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔
سیلینا گومز جہاں معاشی میدان میں مقبول ہیں تو وہیں سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر بھی اُن کی مقبولیت کے خوب چرچے ہیں، جس کا اندازہ اُن کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد سے لگایا جاسکتا ہے۔
امریکی اداکارہ کے انسٹاگرام پر 424 ملین فالوورز ہیں، ان فالوورز کے ساتھ وہ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والی شخصیات میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
اس فہرست میں پہلے نمبر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ہیں جن کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 638 ملین ہے جبکہ دوسرے نمبر پر لیونل میسی ہیں جن کے انسٹاگرام پر 504 ملین فالوورز ہیں۔