کراچی: زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی کرسچن کالونی میں بیماری سے تنگ خاتون نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی کرسچن کالونی میں گھر سے خاتون کی سر پر گولی لگی خون میں لت پت لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد حاصل کرنے کے بعد خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او عتیق الرحمٰن نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو بتایا گیا ہے کہ متوفیہ 2 بیٹیوں کی ماں تھی جو کہ گزشتہ کئی عرصے سے بیمار تھی جس کے سر میں شدید درد رہتا تھا اور جسم کے بائیں حصے پر فالج کا اٹیک بھی ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ بیماری کے باعث شدید پریشان تھی ۔
بیماری سے تنگ آکر اس نے گھر میں موجود نائن ایم ایم پستول سے خود کو سر پر گولی مار کر خودکشی کرلی خاتون کا شوہر اور جیٹ ملازمت کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہیں اور پولیس کو بتایا گیا کہ اسلحہ اس کے جیٹ کا تھا جو کہ لائسنس یافتہ ہے۔
جس وقت گھر میں فائرنگ کا واقعہ ہوا متوفیہ کی دونوں بیٹیاں ٹیوشن پڑھنے گئی ہوئی تھیں اور جب وہ واپس گھر آئیں تو والدہ کی لاش پڑی ہوئی ملی تاہم پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔