
نئے کپتان شریئس ایر اور نئے کوچ رکی پونٹنگ کی قیادت میں پنجاب کنگز نے سیزن کے شروعاتی دونوں میچ یکطرفہ انداز میں جیت لیے تھے، لیکن آج راجستھان نے اسے پنجاب کی زمین پر ہی 50 رنوں سے شکست فاش دے دی۔
پنجاب کنگز کے کپتان شریئس ایئر اور راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن، تصویر @IPL
پنجاب کنگز کے کپتان شریئس ایئر اور راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن، تصویر@IPL
راجستھان رائلز نے آئی پی ایل 2025 میں بہترین واپسی کرتے ہوئے لگاتار دوسری جیت درج کر لی ہے۔ سنجو سیمسن کی ٹیم نے سیزن کے اپنے چوتھے میچ میں پنجاب کنگز کو اس کے ہی گھر میں گھس کر بالکل یکطرفہ انداز میں 50 رنوں سے ہرا دیا۔ اس طرح پنجاب کنگز کو اس سیزن میں اپنی پہلی شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
شریئس ایر کی کپتانی والی ٹیم کو یہ شکست اپنے گھریلو میدان میں ملی، جہاں وہ اس سیزن کا اپنا پہلا ہی میچ کھیل رہی تھی۔ یعنی ٹیم کی گھر واپسی اچھی نہیں رہی۔ پنجاب کے نئے گھر ملاں پور میں 5 اپریل کو کھیلے گئے اس مقابلے میں میزبان پنجاب کنگز بہترین فارم کے ساتھ اتری تھی۔ نئے کپتان شریئس ایر اور نئے کوچ رکی پونٹنگ کی قیادت میں پنجاب کنگز نے سیزن کے شروعاتی دونوں میچ یکطرفہ انداز میں جیت لیے تھے۔ دوسری طرف راجستھان کو شروعاتی 2 میچوں میں شرمناک شکست ملی تھی، لیکن تیسرے میچ میں ٹیم نے جیت درج کی تھی، اور اب چوتھے مقابلے میں بھی جیت حاصل کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔
راجستھان رائلز نے اس میچ میں پہلے بلے باز کی اور اس کے لیے کپتان سنجو سیمسن و یشسوی جیسوال کی سلامی جوڑی نے صرف 10.2 اوورس میں ہی 89 رنوں کی بہترین شراکت داری کر دی۔ گزشتہ 3 میچوں میں بری طرح ناکام ہو رہے یشسوی نے آخر کار اپنا جلوہ دکھایا اور سیزن کی پہلی نصف سنچری لگائی۔ ریان پراگ نے بھی صرف 25 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 43 رنوں کی طوفانی اننگ کھیلی، جس نے ٹیم کو 200 رنوں کے پار پہنچایا۔ پنجاب نے فیلڈنگ کے دوران کچھ کیچ بھی چھوڑے، جس کا فائدہ راجستھان کو ملا۔ راجستھان نے 20 اوورس میں 4 وکٹ کے نقصان پر 205 رن بنائے، جو اس میدان پر اب تک کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ پنجاب کے لیے لاکی فرگوسن نے سب سے زیادہ 2 وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ عرشدیپ سنگھ اور مارکو جانسن کے حصے میں آئے۔
جب پنجاب کی بلے بازی شروع ہوئی تو راجستھانی گیندبازوں نے ان کی کمر شروع میں ہی توڑ دی۔ تیز گیندباز جوفرا آرچر نے پہلے اوور کی پہلی اور چھٹی گیند پر پریانش آریہ اور کپتان شریئس ایر کو پویلین بھیج کر زوردار جھٹکا دے دیا۔ جلد ہی پنجاب کا اسکور 43 رن پر 4 وکٹ بھی پہنچ گیا۔ یہاں سے گلین میکسویل (30 رن) اور نیہال وڈھیرا (62 رن) نے 88 رنوں کی بہترین شراکت داری کر ٹیم کی امیدیں زندہ رکھیں، لیکن پندرہویں اور سولہویں اوور میں لگاتار گیندوں پر دونوں پویلین لوٹ گئے، اور پھر اس کے بعد ٹیم واپسی نہیں کر پائی۔ پنجاب 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 155 رن ہی بنا سکی۔ جوفرا آرچر نے سب سے زیادہ 3 وکٹ لیے، جبکہ سندیپ شرما اور مہیش تیکشنا نے 2-2 وکٹ لیے۔ آرچر کو ان کی بہترین گیندبازی کے لیے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔