
[ad_1]
2 اپریل کو جاپان کے کیوشو میں زلزلہ کا تیز جھٹکا محسوس کیا گیا۔ اس زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.0 بتائی جا رہی ہے۔ زلزلہ سے خوفزدہ لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
میانمار میں 28 مارچ کو آئے زلزلہ نے جو تباہی مچائی تھی، اس کے بعد راحت و بچاؤکاری کا عمل جاری ہے۔ اب تک 3000 سے زیادہ ہلاکتوں کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ اس درمیان جاپان میں خوفناک زلزلہ کی اطلاع موصول رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جاپان کیوشو جزیرہ میں زلزلہ کے تیز جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ قومی زلزلہ سائنس مرکز کے مطابق 2 اپریل کی شام جاپان کے کیوشو میں ریکٹر پیمانہ پر 6.0 شدت کا زلزلہ آیا۔ اس زلزلہ سے لوگ گھبرا کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل گئے۔ فی الحال کسی بڑے نقصان کی خبر نہیں ملی ہے، لیکن لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جاپان ممکنہ زلزلہ والے علاقے میں ہے، جسے ’پیسفک رِنگ آف فائر‘ کہا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں اکثر زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے جاتے ہیں۔ لیکن تازہ زلزلہ نے لوگوں کو زیادہ خوفزدہ کر دیا کیونکہ میانمار میں زلزلہ کی تباہی سبھی کے پیش نظر ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ کا مرکز کیوشو کے جنوبی علاقہ میں تھا۔ کئی سیکنڈ تک وہاں کے لوگوں نے زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے۔ حالانکہ جاپان کے محکمہ موسمیات نے اب تک سنامی سے متعلق کوئی الرٹ جاری نہیں کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں جاپان حکومت نے ایک اعداد و شمار جاری کیا تھا، جس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جاپان میں زلزلہ کے تیز جھٹکے محسوس ہو سکتے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا تھا کہ اس زلزلہ سے سنامی کا اندیشہ ہے جو جاپان میں زبردست قہر برپا کرے گی۔ اس ممکنہ زلزلہ میں تقریباً 3 لاکھ لوگوں کی موت کا اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔
بہرحال، گزشتہ ہفتہ میانمار اور تھائی لینڈ کی راجدھانی بینکاک میں آئے زلزلہ نے بہت زیادہ تباہی مچائی تھی۔ ان دونوں ممالک کے علاوہ اس دن ہندوستان میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ تھائی لینڈ کی راجدھانی بینکاک میں ایک زیر تعمیر کثیر منزلہ عمارت منہدم ہو گئی تھی، جبکہ میانمار میں لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے۔ میانمار میں جیسے جیسے ملبہ کو ہٹایا جا رہا ہے، ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسو سی ایٹ پریس کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ میانمار میں آئے شدید زلزلہ میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 3000 سے زیادہ ہو گئی ہے۔ حکومت ہند نے میانمار میں زلزلہ سے متاثر لوگوں کی مدد کے لیے 5 فوجی طیاروں سے راحتی اشیا، بچاؤ ٹیم اور طبی سامان بھیجے ہیں۔ دنیا کے کئی دیگر ممالک نے بھی میانمار میں راحتی اشیاء بھیجی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link