
آسٹریلیا کے دورے پر ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی تھی۔ اس کے بعد سے ہی روہت کی کپتانی پر سوال اٹھنے لگے تھے۔ یہاں تک کہ آخری ٹیسٹ میں روہت نے خود کو ٹیم سے باہر کر لیا تھا۔
چمپئنز ٹرافی میں خطابی جیت کے بعد روہت شرما کی ٹیسٹ کپتانی کو بھی نئی زندگی مل گئی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق انگلینڈ کے خلاف جون سے اگست کے درمیان ہونے والی پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کپتان روہت شرما ہی ہوں گے۔ آسٹریلیا کے دورے پر ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی تھی۔ اس کے بعد سے ہی روہت شرما کی کپتانی پر سوال اٹھنے لگے تھے۔ یہاں تک کہ آخری ٹیسٹ میں روہت نے خود کو ٹیم سے باہر کر لیا تھا۔ جسپریت بمراہ نے اس ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی تھی۔
اب چمپئنز ٹرافی میں جیت کے بعد روہت شرما کو بی سی سی آئی کی مکمل حمایت حاصل ہوگئی ہے۔ ’انڈین ایکسپریس‘ کی رپورٹ کے مطابق بورڈ اور سلیکٹر نے روہت کو بطور کپتان ایک اور بڑے دورے پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ روہت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کیا کر سکتے ہیں۔ سب کو لگتا ہے کہ انگلینڈ دورے پر ہندوستان کی قیادت کرنے کے لیے روہت ہر ناحیے سے مناسب ہیں۔ روہت نے بھی اب ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
اس سے قبل آئی سی سی چمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد روہت نے خود کہا تھا کہ وہ ریٹائر نہیں ہو رہے ہیں۔ حالانکہ جب ان سے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اس حوالے سے کوئی جانکاری نہیں دی تھی۔ روہت نے بی سی سی آئی سے کہا کہ میں اچھا کھیل رہا ہوں۔ میں ٹیم کے ساتھ جو بھی کر رہا ہوں اس میں مزہ آ رہا ہے۔ ٹیم کو بھی میرے ساتھ اچھا لگ رہا ہے، یہ بہت اچھی بات ہے۔ میں ابھی 2027 کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں، کیونکہ اس میں ابھی کافی وقت ہے۔ لیکن میں نے اپنے تمام آپشن کھلے رکھے ہیں۔
روہت شرما نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ان چیزوں سے مجھے کافی خوشی ملتی ہے۔ اس میں بہت سی چیزیں شامل ہیں۔ جس طرح سے ٹیم کھیل رہی ہے ہمیں اس پر بہت فخر ہے۔ میں ٹیم کو چھوڑنا نہیں چاہتا ہوں۔ اس وقت ہم جس طرح سے کھیل رہے ہیں، اس میں کافی مزہ آ رہا ہے۔ واضح ہو کہ جنوری میں روہت نے خود کو سڈنی ٹیسٹ سے الگ کر لیا تھا۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ یہ ان کے کیریئر کا ایک برا مرحلہ ہے جو زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ اس وقت تین ٹیسٹ میچوں میں روہت کا بہترین اسکور 10 رنز تھا۔ علاوہ ازیں انہوں نے اکتوبر 2024 میں ٹیسٹ میں اپنی آخری نصف سنچری بنائی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔