
تازہ ون ڈے رینکنگ میں روہت شرما 756 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، 784 پوائنٹس کے ساتھ شبھمن گل پہلے مقام پر قائم ہیں، جبکہ پاکستانی بلے باز بابر اعظم 770 پوانٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
روہت شرما / بشکریہ ایکس
روہت شرما / بشکریہ ایکس
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فائنل میں روہت شرما نے 86 گیندوں میں 3 چھکے اور 7 چوکے کی مدد سے 76 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی، انہیں اس شاندار بلے بازی کے لیے مین آف دی میچ کا بھی ایوارڈ دیا گیا۔ اب اس کا انعام روہت شرما کو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بھی ملا ہے۔ روہت شرما نے ہم وطن وراٹ کوہلی اور جنوبی افریقی بلے باز ہینرک کلاسین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے رینکنگ میں تیسرا مقام حاصل کر لیا ہے۔ تازہ رینکنگ میں روہت شرما 756 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، 784 پوائنٹس کے ساتھ ان کے سلامی جوڑی دار شبھمن گل پہلے مقام پر قائم ہیں۔ جبکہ پڑوسی ملک پاکستان کے بلے باز بابر اعظم 770 پوانٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔ پاکستان کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرنے والے وراٹ کوہلی کو فائنل میچ میں ناکام ہونے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور وہ ایک مقام کے نقصان کے ساتھ 5ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
چمپئنز ٹرافی 2025 میں ہندوستان کو خطاب دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے ہندوستانی اسپنر ورون چکرورتی نے بھی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں کمال کر دیا ہے۔ انہوں نے 16 کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 80 ویں رینک حاصل کر لی ہے، اس سے قبل وہ 96 ویں مقام پر تھے۔ ورون نے ٹورنامنٹ میں 3 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔ ورون چکرورتی کے علاوہ کلدیپ یادو اور رویندر جڈیجہ کو بھی کافی فائدہ ہوا ہے۔ کلدیپ یادو نے آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں 3 کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ رویندر جڈیجہ بھی گیند بازوں کی رینکنگ میں 3 مقام کے فائدے کے ساتھ ٹاپ 10 میں دوسرے ہندوستانی گیند باز بن گئے ہیں۔ وہ 3 مقام کے فائدے کے ساتھ 10 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ خطاب سے محروم رہنی والی نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان مشیل سینٹر کو 6 مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ اب دوسرے مقام پر آ گئے ہیں۔ جب کہ مہیش تھیکشنا ابھی بھی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پر قائم ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بی سی سی آئی کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان جلد ہی ہو سکتا ہے۔ بہت سارے نئے کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کا حصہ بنایا جائے گا، کئی کو کنٹریکٹ سے باہر کا راستہ دکھا یا جائے گا۔ وہیں کئی ایسے کھلاڑی ہوں گے جن کے گریڈ کو بڑھایا جائے گا کئی ایسے ہوں گے جن کے گریڈ کو کم کیا جائے گا۔ ایسے میں سب کی نگاہیں ورون چکرورتی پر مرکوز ہیں اور قوی امید ہے کہ انہیں سنٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ وہیں روہت شرما کے بارے میں بھی فیصلہ لیا جائے گا کہ انہیں کس گریڈ میں رکھا جائے گا، کیوں کہ انہوں نے ٹی20 فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔ فی الحال روہت شرما کا گریڈ ’اے پلس‘ ہے جس کے تحت انہیں سالانہ 7 کروڑ روپے ملتے ہیں۔ اگر ان کو اے پلس کے بجائے اے گریڈ میں رکھا جائے گا تو ان کو سالانہ 5 کروڑ روپے ملے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔