
اس طیارہ میں 303 مسافر اور عملہ کے 19 اراکین موجود تھے، طیارہ نے رات 2 بجے پرواز بھری تھی اور صبح 10.25 بجے واپس لوٹ آیا۔
ایئر انڈیا
ایئر انڈیا کے ایک طیارہ نے آج علی الصبح ممبئی سے نیویارک کے لیے پرواز بھری، لیکن درمیان راستے سے ہی اسے ممبئی واپس لوٹنا پڑا۔ اس کی وجہ تھی طیارہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی، جس نے پائلٹ کو ممبئی واپسی کے لیے مجبور کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جب ایئر انڈیا کا بوئنگ 350 طیارہ آذربائیجان کے اوپر سے گزر رہا تھا، تبھی طیارہ میں موجود عملہ کے اہلکار کو یہ دھمکی ملی۔ طیارہ کا ممبئی واپسی کے بعد ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی اور پھر بم کا پتہ لگانے کی کوششیں شروع ہو گئیں۔ ابھی تک جانچ میں کچھ بھی مشتبہ نہیں ملا ہے، اور امید یہی کی جا رہی ہے کہ بم دھماکہ کی جانکاری محض افواہ تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس طیارہ میں 303 مسافر اور عملہ کے 19 اراکین موجود تھے۔ طیارہ نے 2 بجے شب ممبئی سے پرواز بھری تھی اور صبح 10.25 بجے واپس لوٹ آیا۔ اے آئی-119 کو ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ تک کا سفر کرنے میں تقریباً 15 گھنٹے لگتے ہیں، یعنی طیارہ نے نصف سفر بھی مکمل نہیں کیا تھا جب اسے واپس ممبئی آنا پڑا۔ ایئر انڈیا نے جانکاری دی ہے کہ اب یہ طیارہ کل صبح 5 بجے پرواز بھرے گا۔ یہ بھی مطلع کیا گیا ہے کہ مسافروں کو آرام کرنے کے لیے جگہ، کھانا اور دیگر سہولیات ایئر انڈیا کی طرف سے فراہم کی گئی ہیں۔
ایئر انڈیا کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’’آج 10 مارچ 2025 کو ممبئی سے نیویارک جانے والے اے آئی-119 پر ممکنہ سیکورٹی خطرہ کا پتہ چلا۔ پروٹوکول کے تحت طیارہ میں سوار سبھی لوگوں کی حفاظت کو دیکھتے ہوئے طیارہ کو واپس ممبئی بلایا گیا۔ طیارہ 10.25 بجے بہ حفاظت ممبئی میں اترا۔ سیکورٹی ایجنسیاں اس معاملے کی جانچ کر رہی ہیں۔‘‘ اس بیان میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’ایئر انڈیا کے افسران اپنا مکمل تعاون دے رہے ہیں۔ طیارہ اب 11 مارچ 2025 کو صبح 5 بجے روانہ ہوگا، تب تک سبھی مسافروں کو ہوٹل میں رہنے، کھانے اور دیگر سہولیات کی پیشکش کی گئی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔