[ad_1]
لاہور: والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی سینٹ میری میگڈالین چرچ کے تاریخی اور مذہبی ورثے کو محفوظ کرنے جا رہی ہے جو کہ عابد مجید روڈ، لاہور کینٹ پر واقع ہے۔ اس چرچ کو محفوظ کرنے کے لئے حکومتِ پنجاب ہیومن رائٹس اینڈ مینارٹی افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے معاشی تعاون فراہم کرے گی۔
سینٹ میری میگڈالین چرچ کو محفوظ کرنے کا پراجیکٹ دراصل کارپس کمانڈر لاہور کی جانب سے حکومت سے کی گئی چرچ کی حفاظت کے متعلق ایک درخواست سے شروع ہوا ہے۔
حکومت کی جانب سے یہ منصوبہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو دیا گیا ہے تاکہ اس چرچ کو جلد سے جلد محفوظ کیا جا سکے جس طرح والڈ سٹی نے اس سے پہلے اقلیتوں کی عبادت گاہوں جیسا کہ مندروں، چرچوں اور گردواروں، کو محفوظ کیا ہے۔
اس پراجیکٹ کا دستاویزی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ مرمت اور تزئین و آرائش کا عمل وسائل کی تقسیم کے بعد شروع کیا جائے گا، یہ چرچ 1857 میں تعمیر کیا گیا تھا اور موجودہ وقت میں اقلیتوں کی اہم عبادت گاہوں میں سے ایک ہے۔
یہ پراجیکٹ دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں چرچ کی اندرونی مرمت جبکہ دوسرے مرحلے میں بیرونی حصوں کو محفوظ کیا جائے گا۔ اندرونی مرمت میں فرش پہ کام کیا جائے گا جس کے ساتھ ساتھ لکڑی کے کام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ قربان گاہ (الٹر ایریا) اور مرکزی ہال کی بھی مرمت کی جائے گی تاکہ انہیں عام استعمال لئے بہتر بنایا جا سکے، بیرونی تزئین کے مرحلے میں صحن، چھت اور مناروں کی مرمت شامل ہے۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے چرچ اور اس کے گردونواح میں بجلی اور نکاسی کو ٹھیک کرنے کی بھی زمیداری لی ہے تاکہ میگڈالین چرچ کو عبادت اور سیاحت کے لیے مزید بہتر بنایا جا سکے، اندرونی مرمت کا کام اندازاً جون 2025 جبکہ بیرونی حصوں کا کام دسمبر 2025 تک پورا ہو گا۔
[ad_2]
Source link