کراچی: مون سون کے نئے سلسلے کے تحت شہر میں اتوار اور پیر کو بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کوشہرکا مطلع بیشتروقت ابرآلود رہا جبکہ معمول سے تیز سمندری ہوائیں چلیں، ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار38 کلومیٹرفی گھنٹہ (21 ناٹیکل مائلز) ریکارڈ ہوئی۔
شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نمی کا تناسب 75 فیصد رہا، ہفتے کوشہرکے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اورہلکی بارش ہوئی۔ گلشن حدید، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، راشد منہاس روڈ، شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ پر ہلکی بارش اورپھوار پڑی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روزکے دوران موسم زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اتوار اور پیرکو شہر میں بارش ہوسکتی ہے۔ اگلے 3 روزکے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ 13 اگست کودیہی سندھ کے اضلاع جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی، شکارپور، لاڑکانہ، سکھر سمیت دیگر شہروں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔