
میچ کا ایک اہم موڑ تب سامنے آیا جب دوبے کی چوٹ نے ان کی جگہ ہندوستان کو ایک متبادل کھلاڑی پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کا موقع فراہم کیا، ہرشت رانا کے ہاتھوں میں گیند ملی اور پھر انھوں نے 3 وکٹ لے لیے۔
ہندوستانی ٹی-20 ٹیم، تصویر @BCCI
ہندوستانی ٹی-20 ٹیم، تصویر@BCCI
ہندوستان نے آج انگلینڈ کے خلاف پونے میں کھیلے گئے چوتھے ٹی-20 میچ کو 15 رنوں سے جیت کر 5 ٹی-20 میچوں کی سیریز پر قبضہ کر لیا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے 20 اوورس میں 181 رن بنائے تھے اور یہ اسکور انگلینڈ کے لیے ناقابل رسائی ثابت ہوا۔ ہندوستانی ٹیم کی جیت کے ہیرو شیوم دوبے اور ہاردک پانڈیا رہے۔ گیندبازی میں روی بشنوئی، ورون چکرورتی اور ہرشت رانا نے اہم کردار ادا کیا۔
ایک وقت انگلینڈ کی ٹیم جیت کی راہ پر تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی۔ سلامی بلے بازوں نے 6 اوورس میں 62 رنوں کی طوفانی شروعات دی تھی۔ پھر کچھ وکٹ جلدی جلدی گر گئے، لیکن ہیری بروک نے محض 26 گیندوں پر 51 رن بنا کر انگلینڈ کو میچ میں واپس لا کھڑا کیا۔ پھر ورون چکرورتی نے ایک ہی اوور میں ہیری بروک اور برائیڈن کارس کو پویلین بھیج کر میچ کا رخ ہندوستان کی طرف موڑ دیا۔ ہرشت رانا کی بھی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے 12ویں، 16ویں اور 19ویں اوورس میں اہم وکٹ لے کر ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ آخری اوور میں عرشدیپ سنگھ نے ثاقب محمود کو آؤٹ کر ہندوستان کو جیت سے ہمکنار کر دیا۔
آج ہندوستانی ٹیم کی بلے بازی شروع میں اچھی نہیں رہی۔ دوسرے ہی اوور میں اس نے 3 وکٹ گنوا دیے۔ ثاقب محمود نے ایک ہی اوور میں سنجو سیمسن، تلک ورما اور سوریہ کمار یادو کو آؤٹ کر کے سنسنی مچا دی۔ اس کے بعد ابھشیک شرما (19 گیندوں پر 29 رن) اور رنکو سنگھ (26 گیندوں پر 30 رن) نے ٹیم کو سنبھالا۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ہاردک پانڈیا اور شیوم دوبے نے انگلش گیندبازوں کی خوب دھنائی کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے طوفانی نصف سنچری (53-53 رن) بنائی۔ ان دونوں کی بدولت ہندوستانی ٹیم 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 181 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ شیوم دوبے کو ان کی بہترین اننگ کے لیے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
میچ کا اصلی ٹرننگ پوائنٹ شیوم دوبے کی چوٹ رہی، کیونکہ یہ کھلاڑی بلے بازی کے دوران آخری اوور میں کنکشن (چوٹ) کا شکار ہوا۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے تحریری عرضی دے کر میچ ریفری سے متبادل کھلاڑی کا مطالبہ کیا۔ اس طرح ہرشت رانا کو کھیلنے کا موقع ملا، اور اس کھلاڑی نے 4 اوورس میں 33 رن دے کر 3 وکٹ لے لیے۔ گویا کہ دوبے کی چوٹ نے انگلینڈ کو زبردست درد کا احساس کرایا۔ روی بشنوئی کے حصے میں 3 اور ورون چکرورتی کے حصے میں 2 وکٹ آیا۔
آج ملی جیت ہندوستان کے لیے اس لیے بہت خاص ہے کیونکہ اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے ٹی-20 سیریز میں اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ ہندوستانی ٹیم 2019 کے بعد سے اب تک اپنے گھر پر ٹی-20 سیریز نہیں ہاری ہے۔ ہندوستانی ٹیم 17 ٹی-20 سیریز سے فاتح بنتی آ رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔