[ad_1]
کراچی: حکومت سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور کمرشل گاڑیوں کی ڈیجیٹلائزیشن اورآٹومیشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ذیلی اداروں ایس ایم ٹی اے، پی ٹی اے، آر ٹی اے اور ٹرانس کراچی کی بھی ڈجیٹلائزیشن کا کام شروع کر دیا گیا۔
سینئروزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کراچی میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سینئروزیر شرجیل انعام میمن کو محکمہ ٹرانسپورٹ اور کمرشل گاڑیوں کی ڈجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دوران اجلاس شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن سے ایک سافٹ ویئر کے تحت پی ٹی ایز کو آپس میں جوڑا جا رہا ہے ، جس کے بعد بین الصوبائی روٹ پرمٹس کا بھی باآسانی پتہ چل سکے گا۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ روٹ پرمٹس کے اجرا اور تجدید کے نظام کو آن لائن کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے ٹرانسپورٹر حضرات آن لائن روٹ پرمٹس اپلائی اور ری نیو کروا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روٹ پرمٹس، فٹنس سرٹیفکیٹ، باڈی میکرز کے پرمٹ کے اجرا کو آسان بنانے کے لیے آن لائن کیا جا رہا ہے ۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عوامی شکایتی مرکز بھی قائم کیا جائے گا، اور سیکریٹریٹ میں تمام معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔ سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کے نظام پر ہر پندرہ دن میں پیش رفت اور رپورٹ دینے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے نظام کو آن لائن کرنے سے ریونیو میں اضافہ ہوگا، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نظام میں شفافیت آئے گی۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیٹ کے نظام کو آن لائن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے حادثات میں بھی کمی آئے گی اور مسافر محفوظ طریقے سے سفر کر سکیں گے۔
[ad_2]
Source link