پرینکا گاندھی نے دلت نوجوان کی موت پر کہا کہ ’’مدھیہ پردیش میں پولیس حراست میں دلت نوجوان کی موت کا معاملہ انتہائی سنگین ہے، فیملی کا الزام ہے کہ پولیس بربریت کی وجہ سے نوجوان کی جان چلی گئی۔‘‘
موت علامتی تصویر/ سوشل میڈیا
مدھیہ پردیش کے دیواس میں پولیس حراست کے دوران ایک دلت نوجوان کی موت معاملہ پر کانگریس نے حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی دونوں نے ہی دلت نوجوان کی موت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے دلت نوجوان کی موت کے ساتھ ساتھ اڈیشہ کے بالاسور میں قبائلی خواتین کو درخت سے باندھ کر پیٹے جانے کی خبر پر بھی اپنا غم ظاہر کیا۔
راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ایک طرف مدھیہ پردیش کے دیواس میں دلت نوجوان کی پولیس حراست میں قتل کیا گیا۔ دوسری طرف اڈیشہ کے بالاسور میں قبائلی خواتین کو درخت سے باندھ کر پیٹا گیا ہے۔ یہ دونوں حادثات افسوسناک، شرمناک اور انتہائی قابل مذمت ہیں۔ بی جے پی کی منوادی سوچ کے سبب ان کی حکومت والی ریاستوں میں یکے بعد دیگرے اس طرح کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ حکومت کی شہ کے بغیر یہ ممکن نہیں ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ملک کے بہوجنوں کے ساتھ ایسی بربریت کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہم ان کے ساتھ ہیں، ان کے آئینی حقوق کے لیے اور انھیں انصاف دلانے کے لیے پوری طاقت کے ساتھ لڑیں گے۔‘‘ انھوں نے اس پوسٹ کے ساتھ دو ہندی نیوز پورٹل کی سرخی کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں مذکورہ بالا دونوں واقعات کا ذکر ہے۔ پہلا اسکرین شاٹ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کا ہے جس کا عنوان ہے ’مدھیہ پردیش: تھانے میں بیان درج کرانے گئے دلت نوجوان کی مشتبہ موت، پولیس پر لگا قتل کا الزام‘۔ دوسرا اسکرین شاٹ ’للن ٹاپ‘ کا ہے، جس کا عنوان ہے ’اڈیشہ: تبدیلیٔ مذہب کے الزام میں قبائلی خواتین کو درخت سے باندھ کر پیٹا، جئے شری رام کے نعرے لگوائے‘۔
دوسری طرف کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے مدھیہ پردیش کے دیواس میں پیش آئے واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’بابا صاحب امبیڈکر کی بے عزتی اور کمزور طبقات پر ظلم ہی بی جے پی کی حکومت کا بنیادی منتر ہے۔ دیواس، مدھیہ پردیش میں پولیس حراست میں دلت نوجوان کی موت کا معاملہ انتہائی سنگین ہے۔ فیملی کا الزام ہے کہ پولیس بربریت کی وجہ سے نوجوان کی جان چلی گئی۔‘‘
پرینکا گاندھی نے اس پوسٹ میں آگے لکھا ہے کہ ’’اس سے قبل مہاراشٹر کے پربھنی سے دلت کنبوں پر مظالم اور پولیس حراست میں ایک دلت نوجوان کی موت کی خبر آئی تھی۔ لگتا ہے بی جے پی راج میں دلتوں، قبائلیوں اور محروم و کمزور طبقات پر مظالم کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔