نئی دہلی: بھارت میں سول سروس کی ملازمتوں کے لیے امتحان کی تیاری سلسلے میں کوچنگ سینٹر میں کلاسیں لینے والے 3 طلبا کی لاشیں بیسمنٹس سے برآمد ہوئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والی طالبات کی شناخت تلنگانہ کی 25 سالہ تانیہ سونی، یوپی کی شریا یادو اور کیرالا کے 28 سالہ نوین ڈیلورین کے ناموں سے ہوئی جو غریب والدین کی مدد واحد آس تھیں۔
طلبا اپنے، والدین اور خاندان کے روشن مستقبل کا خواب آنکھوں میں سجائے دہلی کے معروف ترین کوچنگ سینٹر میں سول سروس کے امتحانات کی تیاری کے لیے آئے تھے اور موت کا نوالہ بن گئے۔
یہ تینوں طلبا نئی دہلی کے معروف کوچنگ سینٹر کے زیر زمین منزل میں بارش کے پانی میں پھنس گئے تھے۔ لاشوں کو ڈیزازٹر منیجمنٹ کے اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن کے دوران نکالا۔
لاشیں ملنے پر طلبا کی بڑی تعداد کوچنگ سینٹر کے باہر جمع ہوگئی اور شدید نعرے بازی کی۔ طلبا نے کوچنگ سینٹر کو بند کرنے اور انتظامیہ کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ بھی کیا۔