دہلی کانگریس صدر کے مطابق ’’14 محکموں کی کیگ رپورٹ میں آبکاری گھوٹالہ سے متعلق جانکاری ہے۔ رپورٹ اسمبلی میں پیش ہونے کے بعد عآپ حکومت کے دوران کی تمام بدعنوانی کی قلعی عوام کے سامنے کھل جائے گی۔‘‘
دیویندر یادو / تصویر آئی این سی
نئی دہلی: دہلی کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے ذریعہ 14 زیر التواء ’کیگ رپورٹ‘ کو دہلی اسمبلی میں پیش کیے جانے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔ دراصل لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعلیٰ آتشی کو ایک خط لکھا ہے۔ اس میں انہوں نے وقت ضائع کیے بغیر فوری طور پر 14 زیر التواء ’کیگ رپورٹ‘ پر خصوصی اجلاس بلانے کے لئے کہا ہے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ سے ’کیگ رپورٹ‘ کو اسمبلی اجلاس میں پیش کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔
دہلی کانگریس صدر کے مطابق دہلی حکومت کے 14 محکموں کی ’کیگ رپورٹ‘ میں آبکاری گھوٹالہ سے متعلق جانکاری ہے۔ ان رپورٹ کے اسمبلی اجلاس میں پیش ہونے کے بعد کیجریوال حکومت کے دوران کی تمام بدعنوانی اور بیڈ گورننس کی قلعی عوام کے سامنے کھل جائے گی۔ دیویندر یادو نے عآپ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سبھی 14 ’کیگ رپورٹ‘ کو اسمبلی میں پیش نہ کر کے حکومت اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرنے میں پورے طور پر ناکام رہی ہے۔
دیویندر یادو نے ’کیگ رپورٹ‘ کے بارے میں کہا کہ ’’تمام 14 رپورٹس جن میں دہلی میں شراب کے ضابطے اور سپلائی پر کارکردگی کا آڈٹ، دہلی میں فضائی آلودگی کی روک تھام اور تخفیف پر کارکردگی کا آڈٹ، صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچے اور صحت خدمات کا انتظام، اروند کیجریوال کے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے کام کی کارکردگی کی آڈٹ رپورٹ، دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی)، حکومت کی آمدنی و خرچ اور مالی آڈٹ وغیرہ کی ’کیگ رپورٹ‘ زیر التواء ہے۔ ان کا عوام کے سامنے آنا ضروری ہے تاکہ عوام آئندہ اسمبلی انتخاب میں عآپ کو ووٹ کرنے سے پہلے کئی بار سوچے۔ خود ساختہ ایماندار کیجریوال نے موجودہ اور پچھلے اسمبلی اجلاس میں فضول مسائل پر گفتگو کر کے 14 ’کیگ رپورٹ‘ کو اسمبلی میں پیش ہی نہیں ہونے دیا۔ کیجریوال کے آمرانہ رویہ کی وجہ سے ہی رام نواس گوئل کو وقت سے پہلے ہی سیاست سے استعفیٰ لینا پڑا۔
کانگریس صدر نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے 14 ’کیگ رپورٹ‘ کو اسمبلی میں پیش کرنے کے حوالے سے اپنی دستخط کردہ رسمی رضامندی دے دی ہے۔ ایسے میں عآپ کو چاہیے کہ وہ عوام کے تئیں اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تمام تر بدعنوانیوں کو عوام کے سامنے رکھے۔ کیونکہ جمہوری نظام میں حکومت کی مالی اور انتظامی صحت کا جائزہ لینے کے لیے ’کیگ رپورٹ‘ اہم ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔