مرکزی کابینہ نے 85 سینٹرل اور 28 نوودئے اسکولوں کے قیام کی منظوری دے دی، جس سے 82 ہزار سے زائد طلبا کو معیاری تعلیم دستیاب ہوگی۔ رٹھالا-کنڈلی کوریڈور کو بھی منظوری دی گئی
ویڈیو گریب
نئی دہلی: مرکزی کابینہ کی جمعہ کو منعقدہ میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لیے گئے، جن میں 85 نئے سینٹرل اور 28 نوودئے اسکولوں کے قیام کی منظوری شامل ہے۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ یہ اسکول ان اضلاع میں کھولے جائیں گے جہاں نوودئے اسکول منصوبہ کے تحت اب تک کوئی اسکول نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی میٹرو کے 26.46 کلومیٹر طویل رِٹھالا-کنڈلی کوریڈور کو بھی منظوری دی گئی، جس سے ہریانہ کے ساتھ دہلی کا رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔
مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کو نافذ کرنے کے لیے ‘پی ایم شری’ لایا گیا۔ سبھی سینٹرل اسکولوں اور نوودئے اسکولوں کو پی ایم شری اسکولوں کے طور پر نامزد کیا گیا ہے تاکہ انہیں ماڈل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سینٹرل اسکول کھلنے سے ملک بھر میں 82 ہزار سے زیادہ طلبا کو سستی اور اعلیٰ معیار کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ موجودہ وقت میں 1256 فعال سینٹرل اسکول ہیں۔ ان میں 3 بیرون ملک میں ہیں۔ ان میں ماسکو، کاٹھمنڈو اور تہران شامل ہیں۔ 13.56 لاکھ طلبا ان اسکولوں میں پڑھائی کر رہے ہیں۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ 2014 سے 2024 کے درمیان 745 کلومیٹر طویل میٹرو لائن کا کام ہوا ہے۔ موجودہ وقت میں ایک ہزار کلومیٹر پر کام چل رہا ہے۔ دہلی میں 4 فیز میں کام کرنے کا مںصوبہ ہے۔ 3 فیز میں 296 کلومیٹر پر کام ہو چکا ہے۔ چوتھے فیز میں 6 کوریڈور بنائے جائیں گے۔ اس میں 5 کوریڈور پہلے ہی منظور ہو چکے ہیں۔ اب کابینہ نے چھٹے کوریڈور کو بھی منظوری دے دی ہے۔ چوتھے مرحلہ میں چھٹا کوریڈور 26.462 کلومیٹر طویل ہوگا اس میں 21 اسٹیشن ہوں گے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ چھٹے کوریڈور سے دہلی-ہریانہ کی کنیکٹیویٹی بڑھے گی۔ یہ کوریڈور رِٹھالا سے شروع ہوکر نریلا-کنڈلی تک جائے گا۔ اس سے لوگوں کو کافی راحت ملنے والی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔