اسٹیل ٹاؤن موڑ نیشنل ہائی وے پر چارے سے لدا مزدا ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا، حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
اسٹیل ٹاؤن موڑ نیشنل ہائی وے پاکستان ہوٹل کے قریب چارے سے لدا مزدا ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ، ایدھی کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اس دوران وہاں پر موجود عوام کی مدد سے امدادی کارروائیوں کے دوران ٹرک سے گرنے والے چارے کو ہٹانا شروع کر دیا ، حادثے کے باعث ٹریفک بھی معطل ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق چارے سے لدے مزدا ٹرک کے نیچے متعدد افراد کے دبنے کی اطلاع تھی۔
اس حوالے سے ہیڈ محرر اسٹیل ٹاؤن اسد نے بتایا کہ مزدا ٹرک کے بریک فیل ہوگئے تھے جس کے باعث ڈرائیور نے ٹرک کو فٹ پاتھ کے ساتھ لگا کر اسے روکنے کی کوشش کی اس دوران ٹرک بے قابو ہو کر سڑک پر الٹ گیا۔
تاہم، حادثے میں ٹرک کے نیچے کوئی بھی شخص نہیں دبا ہوا ملا۔ البتہ، ایک شخص کی قریب سے لاش ملی جس کے بارے میں شبہ ہے کہ ٹرک کے بے قابو ہونے کے دوران وہ ٹرک کی ٹکر سے جاں بحق ہوا ہے۔
متوفی کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی جبکہ اس کی عمر 62 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔
تاہم، الٹنے والے ٹرک اور چارے کو سڑک سے ہٹا کر نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کو بحال کرا دیا جبکہ پولیس متوفی کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔