[ad_1]
فڑنویس نے کہا کہ ’’فی الحال لاڈلی بہن اسکیم کے تحت 1500 روپے دیے جا رہے ہیں، اسے بڑھا کر 2100 روپے کر دیا جائے گا۔ حالانکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ اضافہ کب سے کیا جائے گا۔‘‘
مہاراشٹر اسمبلی انتخاب میں جیت کے بعد مہایوتی نے آج اپنی نئی حکومت قائم کر لی۔ بی جے پی کے لیڈر اور گزشتہ حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ رہے دیویندر فڑنویس نے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ گزشتہ حکومت میں وزیر اعلیٰ رہے شیو سینا کے سربراہ ایکناتھ شندے نئی حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کے کردار میں نظر آئیں گے۔ اجیت پوار کے عہدہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے، وہ پچھلی حکومت کی طرح اس بار بھی نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بنے رہیں گے۔ ان دونوں نائب وزرائے اعلیٰ نے بھی آج اپنے عہدہ اور رازداری کا حلف لے لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر امت شاہ، نتن گڈکری اور راج ناتھ سنگھ سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی اس حلف برداری تقریب میں شامل ہوئے۔ ان میں یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی، گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل اور گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت شامل ہیں۔
مہایوتی حکومت کی حلف برداری تقریب میں ایک طرف جہاں سیاست دانوں کا مجمع تھا، وہیں دوسری جانب اس تقریب میں صنعت کاروں سے لے کر فلمی ستاروں تک سبھی نے شرکت کی۔ تقریب میں مکیش امبانی، انل امبانی، کمار منگلم برلا، اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان، سنجے دت، رنبیر کپور، رنویر سنگھ، مادھوری دیکشت اور کرکٹ لیجنڈ سچن تندولکر وغیرہ بھی موجود تھے۔
مہاراشٹر میں نئی حکومت کی حلف برداری کے بعد مہایوتی حکومت کی پہلی کابینہ کی میٹنگ بھی ہوئی۔ اس میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ’’اس بار ٹیسٹ میچ جیسی پاری ہوگی۔ ہم مہاراشٹر کو ہر میدان میں آگے لے جائیں گے۔‘‘ وزیر اعلیٰ فڑنویس نے یہ بھی جانکاری دی کہ فی الحال لاڈلی بہن اسکیم کے تحت 1500 روپے دیے جا رہے ہیں، اسے بڑھا کر 2100 روپے کر دیا جائے گا۔ حالانکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ لاڈلی بہن اسکیم کی رقم میں یہ اضافہ کب سے کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی فائل پر دستخط کرتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے جمعرات کو ’بون میرو ٹرانسپلانٹ‘ کا انتظار کر رہے مریض کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کی تجویز کو منظوری دی۔ ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق پونے میں رہنے والے چندرکانت کُرہاڑے کی بیوی نے اپنے شوہر کے علاج کے لیے وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے مدد مانگی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے کابینہ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرنے سے پہلے ہی اس فائل پر دستخط کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link