فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) نے ائیرپورٹس پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے موبائل فونز چیک کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے اوورسیزپاکستانیوں کے موبائل فونز کی چیکنگ نہیں کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں پھیلائی گئی معلومات غلط اور غیر سنجیدہ ہیں۔
ایف آئی اے اپنے مینڈیٹ اور قانون کی سختی سے پابندی کرتی ہے، مسافروں کے وقار اور رازداری کو ہر وقت یقینی بناتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امیگریشن کاؤنٹرز پر کی جانے والی چیکنگ یا جانچ پڑتال متعقلہ قوانین کے مطابق کی جاتی ہے جو صرف ان قوانین کے تحت مخصوص شکوک وشبہات پر مشتمل معاملات تک محدود ہے۔ عوام
درست معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر بھروسہ کریں۔ غیر تصدیق شدہ پیغامات کا اشتراک کرنے سے گریز کریں جو غیر ضروری گھبراہٹ اور الجھن پیدا کرتے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق کسی بھی تشویش یا سوال کے لیے مسافر ہیلپ لائن سے رابطہ کرسکتے ہیں یا سرکاری ویب سائٹ ملاحظہ کر سکتے ہیں۔