کراچی: سندھ سیڈ کارپوریشن نے فروٹ، آئل سیڈ اور سبزیوں کے بیج تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سیڈ کارپوریشن نے نئی ایپ بھی تیار کرلی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر کے زیر صدارت سندھ سیڈ کارپوریشن میں نئی اصلاحات لانے سے متعلق بنائے گئے پلان کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری زراعت رفیق احمد برڑو، ایم ڈی سیڈ کارپوریشن مشتاق سومرو، ڈی جیز ندیم شاہ، شہاب ابڑو، مظہر کیریو اور دیگر شریک تھے۔
اجلاس میں ایم ڈی مشتاق احمد سومرو نے سیڈ کارپوریشن میں نئے سرے سے اصلاحات لانے سے متعلق ترتیب وار پلان پیش کردیا
سیڈ کارپوریشن میں نئے سرے سے اصلاحات لانے کا پلان بنایا گیا ہے جو سندھ کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔
ایم ڈی مشتاق سومرو نے وزیرزراعت کو بریفنگ میں کہا کہ 12 غیر فعال میں سے 7 زرعی فارمز اور سیڈ پروسیسنگ پلانٹس کو 20 دن کے اندر فعال کردیا ہے، اجلاس میں دوسال کے اندر 500 ملین آمدنی اور 2 سو ملین خرچ کا پلان بھی پیش کیا گیا، تین سکرنڈ اور 2 گھوٹکی کے سیڈ پروسیسنگ پلانٹ فعال بھی کردئیے ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیڈ کارپوریشن کی جانب سے دو موبائل یونٹ بھی قائم کردیے گئے ہیں جو دیہی علاقوں میں کاشت کاروں کو آگاہی دیں گے۔
وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے سیڈ کارپوریشن کو 1500 ایکڑ غیرآباد زرعی زمین کو دو سال کے اندر قابل کاشت بنانے کی ہدایت کی۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ کے کاشت کاروں کو سستی قیمت پر سیڈ فراہم کی جائے اور دیگر سیڈ کے پلانٹس بھی فعال کیے جائیں، کسانوں کو اعلی معیار کے بیج فراہم کریں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کریں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سیڈ کارپوریشن کی نئی ایپ تیار کرلی گئی، 7 زرعی فارمز اور سیڈ پروسیسنگ پلانٹ بھی فعال کردئیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ سیڈ کارپوریشن کے تحت فروٹ، آئل سیڈ اور سبزیوں کے بیج بھی تیار کیے جائیں گے۔