[ad_1]
اسلام آباد / راولپنڈی / لاہور: توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرنے کیلیے 2 اکتوبر کی تاریخ مقررکر دی گئی ہے۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی، ملزمان کے وکیل نے درخواست ضمانت پر دلائل مکمل کرلئے جبکہ پراسیکیوشن نے عدالت سے وقت مانگ لیا، وکلا صفائی نے اسکی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت ضمانت کا آج ہی فیصلہ کرے۔
ملزمان نے بھی روسٹرم پر جا کر کہا کہ جو ہو رہا ہے یہ انصاف نہیں ہے، الیکشن سے پہلے پانچ دنوں میں تین سزائیں سنا دی گئیں،22گھنٹے جیل کے ڈربے میں گزارتے ہیں تاہم عدالت نے پراسیکیوشن کو دلائل کیلیے مزید وقت دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کیخلاف ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کے حکم میں دو اکتوبر تک توسیع کردی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے احتساب عدالت کو ٹرائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ ٹرائل جاری رہے گا تو مطلب جاری رہے گا جبکہ حتمی فیصلہ نہیں دیا جائے گا، یہ ہم نے سادہ سی انگریزی میں کہا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ملزمان کی بریت کی درخواستیں مسترد کرنے کے احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی اپیلوں پر سماعت کی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے خفیہ مقدمات کی تفصیلات معلوم کرنے کیلئے بشریٰ بی بی کی درخواست پولیس رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی ،پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف کل بارہ مقدمات درج ہیں،گیارہ راولپنڈی ایک مقدمہ اٹک میں درج ہے، نیب میں ایک مقدمہ توشہ خانہ کا درج ہے۔
[ad_2]
Source link