
دہلی میں جمعرات کی شام ہی اچانک تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہونے لگی تھی اور کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی تھی۔ جمعہ کے روز بھی دہلی-این سی آر کے کچھ علاقوں میں بارش کی بوندوں نے ٹھنڈ واپس لا دی۔
دہلی میں بارش کی فائل تصویر
دہلی میں بارش کی فائل تصویر
ہندوستان کے مختلف علاقوں میں اس وقت مختلف موسم نے لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ کہیں برف باری نے لوگوں کو بے حال کر دیا ہے، تو کہیں جھلسا دینے والی گرمی کا قہر ہے۔ اس درمیان دہلی-این سی آر کے موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ آج دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں رم جھم بارش دیکھنے کو ملی۔ شمال مشرقی ریاستوں میں بھی بارش کے آثار پیدا ہو رہے ہیں، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے 2 دنوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
جنوبی دہلی اور گریٹر نوئیڈا میں جمعرات کی شام ہی اچانک تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہونے لگی تھی اور کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی تھی۔ جمعہ کے روز بھی دہلی-این سی آر کے کچھ علاقوں میں بارش کی بوندوں نے ٹھنڈ واپس لا دی۔ موسم میں اس تبدیلی نے عوام، خصوصاً روزہ داروں کو انتہائی راحت پہنچائی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شام میں جیسے ہی آسمان میں سیاہ بادل چھائے، تھوڑی ہی دیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی بھی شروع ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اڈیشہ، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں اس وقت لو چلنے کے آثار ہیں۔ دوسری طرف مغربی ہمالیائی علاقہ اور اروناچل پردیش میں شدید بارش کے ساتھ برف باری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دہلی کے قرب و جوار میں 15 اور 16 مارچ کو بادل چھائے رہیں گے۔ قومی راجدھانی میں آئندہ 2 دنوں میں ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اڈیشہ میں 14 سے 17 مارچ، جھارکھنڈ میں 14 سے 17 مارچ اور گنگا علاقہ والے مغربی بنگال میں 15 سے 17 مارچ تک شدید گرمی کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ان ریاستوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے زیادہ پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش میں 14 سے 15 مارچ کو لو چلنے کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔