[ad_1]

  کراچی: نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے فلائی اوور کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر زخمی پی ٹی آئی کارکن انیس دوران علاج دم توڑ گیا، رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 86 ہوگئی۔

ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد عبدالرسول سیال نے بتایا کہ انیس کو جمعرات کی شب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا  وہ جمعہ کی صبح چل بسا، مقتول کو ایک گولی ران پر جبکہ دوسری بازی بازو پر لگی تھی جو بغل سے اندر سینے کی جانب اتر گئی تھی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ مقتول اپنے دوست علی حمزہ کے ساتھ ناظم آباد کی جانب جا رہا تھا کہ اس دوران ڈاکوؤں نے انھیں روک کر لوٹ مار کی۔ اس دوران مزاحمت پر انیس کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا جو بعد ازاں چل بسا، پولیس نے مقتول کے دوست امیر حمزہ کی مدعیت میں واردات کا مقدمہ درج کرلیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق مقتول کی نماز جنازہ گزشتہ روز بعد نماز جمعہ دارالعلوم رشید احسن آباد میں ادا کی گئی جس میں مقتول کے اہل خانہ، رشتے دار، دوست احباب اور علاقہ مکینوں سمیت پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں، عہدے داروں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور واقعہ پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

بعدازاں پی ٹی آئی کے مقتول کارکن انیس کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔



[ad_2]

Source link

By admin