اگر آپ جسمانی وزن میں اضافے سے پریشان ہیں تو الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال ترک کر دیں۔
الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے جسمانی وزن میں بہت تیزی سے اضافہ ہوتا ہے جبکہ جسمانی چربی بھی بڑھتی ہے یا توند نکل آتی ہے۔ یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی۔
واضح رہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔
الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔
ان غذاؤں کو متعدد دائمی امراض جیسے امراض قلب، کینسر اور دیگر سے منسلک کیا جاتا ہے اور اب نئی تحقیق میں ان کا ایک اور نقصان سامنے آیا ہے۔
جرنل نیوٹریشنز میں شائع تحقیق میں موٹاپے کے شکار 175 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان سے غذائی عادات کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔
ان افراد سے معلوم کیا گیا کہ وہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا کتنا استعمال کرتے ہیں اور پھر اس کا موازنہ بحیرہ روم کے خطے کے رہائشیوں کی غذا Mediterranean ڈائٹ کے اثرات سے کیا گیا۔
اسپین، یونان، اٹلی اور فرانس جیسے ممالک کے شہریوں کی یہ عام غذا پھلوں، سبزیوں، اجناس، گریوں، مچھلی، زیتون کے تیل وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے (سرخ گوشت کا استعمال بہت کم کیا جاتا ہے)۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد کا جسمانی وزن بھی زیادہ ہوتا ہے جبکہ Mediterranean ڈائٹ سے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے۔
درحقیقت لوگ جتنی زیادہ مقدار میں الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کرتے ہیں، صحت کے لیے مفید غذاؤں کا استعمال اتنا گھٹ جاتا ہے۔
محققین نے دریافت کیا کہ کچھ الٹرا پراسیس غذاؤں جیسے میٹھے مشروبات یا سوڈا سے جسمانی وزن اور چربی میں دیگر کے مقابلے میں زیادہ اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ تحقیق میں بہت کم افراد کو شامل کیا گیا مگر نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں بالخصوص میٹھے مشروبات کا استعمال کم از کم کرنا چاہیے تاکہ جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو غذا جتنی زیادہ پراسیس کی جائے گی، اس کے استعمال سے جسم میں انسولین کے اخراج اور چربی کی مقدار میں اتنا اضافہ ہوگا۔
محققین کے مطابق پراسیس غذائیں بہت جلد ہضم ہو جاتی ہیں اور لوگوں کو جلدی بھوک لگنے لگتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سوڈا اور کیک جیسی غذاؤں کا استعمال سب سے پہلے ترک کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ ایک حالیہ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔ اسی طرح الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال اور ذہنی امراض جیسے ڈپریشن کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا ہے۔