سائنس دانوں کے مطابق ادرک ایک پھول دار پودے سے حاصل ہوا ہے جس کی ابتدا چین سے ہوئی تھی، ہلدی، الائچی اور گلانگل جیسے سب ہی پودوں کا ادرک سے گہرا تعلق ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ صحت کے لیے کتنی بہترین چیز ہے؟ بدہضمی سے لے کر انسامی جسم کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے تک یہ جڑی بوٹی متعدد فوائد کی حامل ہے۔
دنیا بھر میں لوگ ادرک کو نہ صرف اس کے ذائقے کے لیے بلکہ اس کے صحت مند فوائد کے لیے بھی اپنی روز مرہ غذا میں شامل کرتے ہیں۔
ادرک ایک شاندار جڑی بوٹی ہے جسے کھانوں اور دواؤں کے شعبے میں وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔
اسے خام کھائیں یا کھانے میں ملا کر استعمال کریں، اس کےعلاوہ اچار کی صورت میں بھی یہ طبی لحاظ سے فائدہ مند ہوتی ہے۔
اس جڑی بوٹی کی کئی شکلیں ہیں جس میں خشک، تازہ، عرق اور پاؤڈر کی شکلیں شامل ہیں جنہیں مختلف چیزوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
ادرک کی چائے
ادرک کو استعمال کرنے کے بہت سے فائدے ہیں جس میں ایک ادرک کی چائے بھی ہے، اس کے لیے 2 انچ تازہ ادرک کا ٹکڑا لے کر ایک سے ڈیڑھ کپ پانی میں اچھی طرح ابالیں، اس کے بعد ٹھنڈا کر کے چھان لیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ادرک کی چائے پینے سے ہاضمے میں بہتری آتی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ یہ متلی اور الٹی کی کیفیت میں بھی بہت مفید ہے۔
اس کےعلاوہ ادرک کے کون سے فوائد ہیں ؟ آئیے جانتے ہیں:
پیٹ میں گیس کا خاتمہ
اگر تو آپ کو پیٹ میں اکثر گیس کی شکایت رہتی ہے تو ادرک اس مسئلے کے حل میں فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ آنتوں میں گیس کو کم کرتی ہے، اس کے لیے اپنی غذا میں اس کی کچھ مقدار چھڑک کر استعمال کریں۔
پٹھوں کے درد کو کم کرتا ہے
ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ادرک کا استعمال ورزش سے منسلک پٹھوں کے درد کو کم کرتا ہے۔ دو گرام ادرک کو کہنی اور کندھوں کی ورزش کرنے والے افراد نے11 دن تک بلاناغہ کھایا اور درد کے لیول کو کم کیا۔
اگرچہ ان فائدہ مند اثرات کو ظاہر ہونے میں کچھ دن لگیں گے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان میں بتدریج اضافہ ہوتا جائے گا۔ وہ لوگ جو دن بھر ورزش کرتے ہیں یا بھرپور جسمانی سرگرمیوں میں مشغول رہتے ہیں وہ خاص طور پر اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
کینسر کو بڑھنے سے روکے
کچھ تحقیق رپورٹس کے مطابق ادرک میں موجود بائیو ایکٹیو مالیکیولز سے کچھ اقسام کے کینسر جیسے جگر، جلد، بریسٹ اور مثانے کے کینسر کے پھیلنے کی رفتار سست کرنے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
نظام ہاضمہ کے لیے
ادرک کا استعمال نظام ہاضمہ کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے، دوپہر اور رات کے کھانے کے بعد اگر ادرک کی چائے کا استعمال کر لیا جائے تو اس کے نتیجے میں پیٹ پھولنے، بد ہضمی اور تیزابیت سے نجات مل سکتی ہے۔
سوزش سے بچاؤ کے لیے بہترین دوا
ادرک میں اینٹی انفلامینٹری خصوصیات پائی جاتی ہیں جو اس کو پٹھوں اور جوڑوں کی پریشانیوں کا ایک بہترین گھریلو علاج بناتی ہیں، ادرک کی چائے پینے کے علاوہ اس کا استعمال سوزش والے جوڑوں کو آرام دینے کے لیے بھی کیا جا سکتا ہے۔
قوت مدافعت بڑ ھاتی ہے
غذائیت سے بھر پور جڑی بوٹی ادرک قوت مدافعت بڑ ھاتی ہے اور تھکن اور بوجھ پن کو دور کرتی ہے، اس میں موجود وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹ کی مدد سے جسم سے فاضل مادے نکل جاتے ہیں جس سے جسم کو موسمی بیماریوں اور انفیکشن سے لڑنے میں قدرتی طور پر آسانی ہوتی ہے۔
متلی اور مارننگ سکنس سے بچاتی ہے
قدرتی طور پر طبی جز رکھنے والی ادرک کی چائے حاملہ خواتین کو متلی اور مارننگ سکنس سے بچا سکتی ہے۔ متلی کی علامات سے چھٹکارا پانے کے لیے ایک انچ ادرک کو ایک سے دو کپ پانی میں شامل کر کے دس منٹ تک رکھا رہنے دیں، اس کے بعد اس پانی میں ایک چمچ شہد شامل کر کے استعمال کریں، اس عمل سے متلی کی علامات میں واضح کمی آئے گی۔ ادرک کا استعمال سُستی کا حاوی رہنا، پٹھوں میں درد، سوجن اور تھکاوٹ کا بھی بہترین علاج ہے، ادرک کی چائے مضر اثر سے پاک ہے۔
درد ختم کرنے کے لیے
ادرک میں موجود خصوصیات ہر طرح کے درد کو ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں لہٰذا ادرک کو کھانے میں استعمال کریں یا پھر ادرک کی چائے پینے سے جسم میں درد اور سوزش کا خاتمہ ہوتا ہے۔
کولیسٹرول کو کم کرکے دل کی صحت میں اضافہ کرتی ہے
ادرک کے استعمال سے خطرناک کولیسٹرول کی شرح میں کمی واقع ہوتی ہے، ایک ماہ تک اس کے باقاعدگی سے استعمال سے جسم میں خراب کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے جس کے نتیجے میں دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
ادرک میں پائے جانے والے وٹامن اور امائنو ایسڈ کی وجہ سے خون کے بہاؤ میں بہتری آتی ہے جس کی وجہ سے دل کے امراض کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ادرک کا باقاعدگی سے استعمال دل کی شریانوں میں چربی نہیں جمع ہونے دیتا۔ چربی جمع نہ ہونے کی وجہ سے ہارٹ اٹیک اور فالج کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔
ادرک کا استعمال کیسے کیا جائے؟
ادرک کا استعمال چائے سمیت سبزیوں، مرغی، لال گوشت اور دالوں کے سوپ میں بھی کیا جا سکتا ہے۔
ادرک کو روایتی دودھ والی چائے میں پکانے سمیت اس کا سادہ پانی میں قہوہ بنا کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔