[ad_1]
GAZA:
اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کے وسطی علاقے میں کی گئی فضائی کارروائی میں دیر البلاح کے میئر شہید ہوگئے ہیں جبکہ اسرائیلی حملوں میں مزید 18 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں فضائی حملے میں دیرالبلاح کے میئر کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ دیرالبلاح کے میئر دیاب عماد علی عبدالرحمان الجارو حماس کی ملٹری ونگ کے رکن تھے۔
غزہ کے طبی عملے نے کہا کہ اسرائیل کی فضائی کارروائی میں وسطی غزہ کے علاقے دیر البلاح میں میونسپلٹی کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جہاں امداد حاصل کرنے کے لیے جمع ہونے والے 10 افراد شہید ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ جائے وقوع سے زخمیوں اور شہید ہونے والوں کے جسد خاکی کندھوں پر اٹھا کر، رکشوں یا پرائیویٹ کاروں میں اسپتال پہنچایا گیا، حماس کے ذرائع نے بتایا کہ اس حملے میں حماس کے زیرانتظام ایڈمنسٹریٹو کمیٹی کے سربراہ بھی شہید ہوگئے ہیں۔
طبی عملے نے کہا کہ غزہ سٹی میں ایک اور حملے میں خاتون اور اس کے کم سن بچے سمیت 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ سٹی میں ایک اور حملے میں مقامی صحافی شہید ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی جنگ میں اب تک اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں میں تقریباً 44 ہزار فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، اس کے علاوہ لاکھوں زخمی اور بے گھر ہوگئے ہیں۔
حماس کے حملے میں اسرائیل کے مجموعی طور پر 1200 شہری ہلاک ہوگئے تھے اور 250 افراد کو گرفتار کرکے غزہ منتقل کردیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق مصر، قطر اور امریکا نے جنگ بندی کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔
مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے امریکی عہدیداروں نے ملاقات کی اور غزہ میں جنگ بندی اور غزہ میں موجود اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
[ad_2]
Source link