منموہن سنگھ کی حکومت میں ایلنگوون 2004 اور 2009 کے درمیان ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر رہے تھے۔ 2014 میں کانگریس کمیٹی کی سربراہ سونیا گاندھی نے انہیں تمل ناڈو کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کیا تھا۔
ایلنگوون کی فائل تصویر
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ای وی کے ایس ایلنگوون کا ہفتہ کو چنئی کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ مرکزی وزیر کی عمر 75 سال تھی اور وہ پھیپھڑوں سے متعلق مرض میں مبتلا تھے۔ ایلنگوون کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے خراب چل رہی تھی۔ انہیں 11 نومبر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسپتال سے ملی اطلاع کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن انہیں بچایا نہیں جا سکا۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے سابق مرکزی وزیر ایلنگوون کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’سابق مرکزی وزیر اور ٹی این پی سی سی کے سابق صدر تھیرو ای وی کے ایس ایلنگوون کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور چاہنے والوں سے میری دلی تعزیت۔ ایک نڈر اور اصول پسند رہنما، وہ کانگریس پارٹی کی اقدار اور تھانتھائی پیریار کے نظریات کے سخت حامی تھے۔ تمل ناڈو کے لیے ان کی وقف خدمات ہمیشہ ایک تحریک رہے گی۔‘‘
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی ایلنگوون کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’وہ ایک بہادر لیڈر تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی کانگریس پارٹی اور تھانتھائی پیریر کے ترقی پسند نظریات اور اصولوں کو برقرار رکھنے، ثابت قدمی اور عزم کے ساتھ تمل ناڈو کے عوام کی خدمات کے لیے وقف کر دیا۔ ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے تئیں میری دلی تعزیت۔‘‘ دوسری جانب تمل ناڈو پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر سیلواپرونتھاگئی نے بھی ایلنگوون کے انتقال کو ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’وہ ایک صاف گو انسان تھے اور ان کا انتقال ان کے اہل خانہ، کانگریس پارٹی اور ذاتی طور پر میرے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر ای وی کے ایس ایلنگوون ایک عظیم سایسی لیڈر تھے جو تمل ناڈو قانون ساز اسمبلی کے موجودہ رکن بھی تھے۔ انہوں نے پہلے تمل ناڈو گوبیچیٹی پلائم پارلیمانی حلقہ کی نمائندگی کی تھی۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی حکومت میں 2004 اور 2009 کے درمیان وہ ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر بھی تھے۔ 31 اکتوبر 2014 کو کانگریس کمیٹی کی سربراہ سونیا گاندھی نے انہیں تمل ناڈو کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔