[ad_1]
کانگریس نے کہا کہ سنبھل میں پیش آیا تشدد بی جے پی کی نفرت پر مبنی سیاست کا نتیجہ ہے اور یہ پرامن سماج کے لیے خطرناک ہے، ہم سبھی متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کو انصاف دلانے کی لڑائی لڑیں گے۔
اتر پردیش کے سنبھل میں گزشتہ دنوں شاہی جامع مسجد کا سروے کیے جانے کے دوران جو تشدد پیش آیا تھا، اس میں کئی لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ مہلوکین میں سبھی کا تعلق مسلم طبقہ سے تھا۔ تشدد متاثرین سے ملاقات کے لیے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے گزشتہ دنوں سنبھل جانے کا ارادہ بھی کیا تھا، لیکن انھیں پولیس نے راستے میں ہی روک لیا۔ آج راہل-پرینکا نے دہلی میں سنبھل تشدد متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔
کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس ملاقات کی کچھ تصویریں شیئر کی ہیں اور کہا ہے کہ سنبھل میں جو کچھ پیش آیا وہ نفرت انگیز سیاست کا نتیجہ ہے۔ کانگریس نے پوسٹ میں تشدد متاثرین سے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی ملاقات کا تذکرہ بھی کیا۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’آج (لوک سبھا میں) حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی جی نے سنبھل کے متاثرین سے ملاقات کی۔‘‘
اس پوسٹ میں کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’سنبھل میں پیش آیا واقعہ بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست کا نتیجہ ہے، اور یہ پرامن سماج کے لیے خطرناک ہے۔ ہمیں ساتھ مل کر اس تشدد و نفرت انگیز ذہنیت کو محبت و بھائی چارہ ہرانا ہوگا۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’ہم سبھی متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کو انصاف دلانے کی لڑائی لڑیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link