[ad_1]
اگر آپ روزانہ کافی پینا پسند کرتے ہیں تو یہ عادت طویل اور صحت مند زندگی کے لیے بہترین ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ بات پرتگال میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کافی پینے کو معمول بنانے سے اوسط عمر میں 1.8 سال کا اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس تحقیق میں ماضی کی 50 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی اور یہ دیکھا گیا کہ کافی پینے سے لوگوں کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کافی پینے سے انسانی عمر مٰں اضافہ ہوتا ہے جبکہ متعدد امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کافی پینے سے امراض قلب، پھیپھڑوں کے امراض، فالج، کینسر کی کچھ اقسام، ذیابیطس، ڈیمینشیا اور ڈپریشن جیسے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اسی طرح یہ گرم مشروب مسلز اور مدافعتی صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ موجودہ عہد میں مختلف ممالک میں بوڑھے افراد کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ایسی غذائی عادات کا علم ہو جو طویل صحت مند زندگی گزارنے میں مدد فراہم کرسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیق میں تمام دستیاب شواہد کا جائزہ لیا گیا تھا تاکہ انسانی عمر اور عمر میں اضافے سے لاحق ہونے والے امراض پر اس گرم مشروب کے اثرات کا علم ہوسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے دریافت کیا کہ کافی پینے اور صحت مند طویل زندگی کے درمیان تعلق موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا کافی میں موجود پولی فینولز نامی اینٹی آکسائیڈنٹس اور ورم کش نباتاتی مرکبات کی وجہ سے ہوتا ہے جو تکسیدی تناؤ کو کنٹرول کرتے ہیں۔ محققین کے مطابق کافی کو معتدل مقدار یعنی روزانہ 3 سے 5 کپ پینے سے انسانی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ فائدہ اسی وقت ہوتا ہے جب آپ معتدل مقدار میں کافی کو پینا معمول بنالیں، اگر آپ کبھی کبھار اس گرم مشروب کو پیتے ہیں تو پھر زیادہ فائدہ نہیں ہوتا۔
مگر انہوں نے تسلیم کیا کہ تحقیق کچھ حوالوں سے محدود ہے کیونکہ اس میں تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا اور براہ راست لوگوں پر اس کے اثرات کا مشاہدہ نہیں کیا گیا تو نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
[ad_2]
Source link