جائیداد کی لالچ میں ماں کو قتل کرنے والے سگے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
کراچی میں مومن آباد تھانے کےعلاقے اورنگی ٹاؤں فقیر کالونی پریشان چوک کے قریب گھرمیں سگے بیٹوں مختیار اور خلیل کے ہاتھوں ماں 40 سالہ عزت پری زوجہ امیر زادہ (مرحوم) کے قتل کا مقدمہ درج مومن آباد تھانے میں کرلیا گیا۔
مقدمہ مقتولہ خاتون کے بھائی بخت جمیل کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مدعی کے مطابق میری بہن عزت پری گھرپر موجود تھی۔ بہن کے سب سے چھوٹے بیٹے نے آکر بتایا کہ والدہ کوقتل کردیا گیا ہے۔میری بہن کوگلے میں ازار بند ڈال کر گلا گھونٹا گیا ہے۔ مقتولہ کواس کے دو بیٹوں مختیار اور خلیل نے قتل کیا ہے۔
مدعی کے مطابق مقتولہ عزت پری 8 بچوں کی ماں تھی۔ دونوں بیٹے مختیار اور خلیل قتل کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بیٹوں اور ماں کے درمیان جائیداد کا تنازع چل رہا تھا واقعے کی مختلف پہلووں سے تفتیش جاری ہے۔