[ad_1]
سنبھل تشدد کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ کے ’مجرموں‘ کے پوسٹر لگانے کے بیان پر رام گوپال یادو نے اعتراض کیا کہ انتظامیہ کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ تشدد میں 4 افراد ہلاک اور 2 درجن زخمی ہوئے ہیں
لکھنؤ: سنبھل تشدد کے سلسلہ میں یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ مجرموں کو عوامی مقامات پر بے نقاب کیا جائے اور نقصان کا معاوضہ ان سے وصول کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تشدد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور ان کے پوسٹر عوامی مقامات پر چسپاں کیے جائیں گے۔
اس بیان پر سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے اعتراض کیا اور کہا کہ پہلے ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) اور سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کے پوسٹرز لگائے جانے چاہئیں، کیونکہ یہ حکام بھی واقعے کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کی ناکامی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا عندیہ دیا۔
دوسری جانب کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور سماج وادی پارٹی کے وفود کو متاثرہ علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، جس پر ان جماعتوں نے انتظامیہ کے رویے کی مذمت کی۔ راہل گاندھی نے پیشکش کی کہ وہ پولیس کے ساتھ اکیلے جائیں گے، مگر ان کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ سنبھل میں 24 نومبر کو مقامی عدالت کے حکم پر جامع مسجد کے سروے کے دوران پرتشدد جھڑپیں ہوئیں، جن میں چار افراد جان سے گئے اور تقریباً 24 زخمی ہوئے، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔ یوپی حکومت نے متاثرہ علاقے میں 24 گھنٹوں کے لیے انٹرنیٹ بند کر دیا اور اسکولوں کو عارضی طور پر بند رکھنے کے احکامات جاری کیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link