بھارتی بلاک بسٹر فلم ’’کرن ارجن‘‘ میں اپنے کردار سے شہرت پانے والی 90 کی دہائی کی مقبول اداکارہ ممتا کلکرنی 25 سال بعد ممبئی واپس آگئیں۔ جن کی ممبئی آمد نے مداحوں اور میڈیا کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
بھارت کی بولڈ اداکارہ ممتا کلکرنی پر 2000 کروڑ روپے منشیات کیس کی ایف آئی آر درج تھی جسے ممبئی کی عدالت نے ناکافی ثبوت کی بنا کر بالآخر خارج کرکے اداکارہ کو کلین چٹ دے دی ہے۔
ممتا نے 25 سال بعد اپنے آبائی شہر واپسی پر انسٹاگرام پر تصویر اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے جذباتی پیغام دیا ہے۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ’’میں بہت جذباتی ہوں اور مجھے نہیں معلوم کہ اس کا اظہار کیسے کروں، جب میری پرواز یہاں اتری میں دائیں اور بائیں دیکھ رہی تھی اور میں نے اپنے ملک کو 24 سال بعد اوپر سے دیکھا اور میں جذباتی ہوگئی‘‘۔
تصویر کے کیپشن میں ممتا نے لکھا ہے کہ ’’25 سال بعد اپنی مادروطن پر واپسی، 2012 میں کنبھ میلے میں شرکت کی تھی اور 12 سال بعد 2025 میں ہونے والے کنبھ میلے کےلیے میں یہاں ہوں‘‘۔
اداکارہ کی واپسی کی خبر پر ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فلمی کرداروں کو یاد کیا اور پوسٹ کے کمنٹس میں تہنیتی پیغامات بھیجے۔
واضح رہے کہ ممتا کلکرنی کا نام 2015 کے ایک بڑے منشیات اسمگلنگ کیس سے جوڑا گیا تھا جب حکام نے ان کے شوہر وکی گوسوامی کے ساتھ 2000 کروڑ روپے کے منشیات کے کارٹل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔ اس کیس نے ممتا کے بالی ووڈ امیج کو بری طرح متاثر کیا تھا۔
حال ہی میں ممبئی ہائی کورٹ نے ان کے خلاف منشیات کیس میں ایف آئی آر کو منسوخ کرتے ہوئے انھیں کلین چٹ دے دی ہے۔