[ad_1]
راہل گاندھی سیلم پور اسمبلی حلقہ میں 13 جنوری کو ’جے بھیم، جے سنویدھان‘ عنوان کے تحت ایک جلسۂ عام سے خطاب کریں گے۔ یہ دہلی اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس کا پہلا انتخابی جلسہ ہوگا۔
نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سیلم پور اسمبلی حلقہ میں ایک عظیم الشان جلسہ سے خطاب کریں گے۔ یہ جانکاری دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر راجیو بھون میں منعقد ایک پریس کانفرنس کے دوران کانگریس کے دہلی انچارج قاضی نظام الدین نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ راہل گاندھی سیلم پور اسمبلی حلقہ میں 13 جنوری 2025 کو ’جے بھیم، جے سنویدھان‘ عنوان کے تحت ایک عظیم جلسۂ عام سے خطاب کریں گے۔ یہ دہلی اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس کا پہلا انتخابی جلسہ ہوگا۔ جلسہ میں ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کے حامی شرکت کریں گے۔
اس پریس کانفرنس میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے دہلی انچارج قاضی نظام الدین کے ساتھ کانگریس کے سکریٹری انچارج سکھویندر سنگھ ڈینی، دانش ابرار، دہلی حکومت کے سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ، سابق رکن اسمبلی ہری شنکر گپتا، اے آئی سی سی کے نیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر ابھے دوبے، ترجمان رشمی سنگھ مِگلانی اور اسماء تسلیم وغیرہ بھی موجود تھے۔
قاضی نظام الدین نے میڈیا کو بتایا کہ ’’راہل گاندھی نے ملکی مسائل کو سمجھنے اور جاننے کے لیے ہزاروں کلومیٹر کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ اور ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ نکالی تھی۔ یاترا کے دوران راہل گاندھی لاکھوں لوگوں سے ملے جن میں غریب، دلت اور اقلیتی طبقہ کے لوگوں کے ساتھ ساتھ ہزاروں سماجی تنظیموں و فلاحی کام کرنے والی این جی او سے بات کی۔ کروڑوں ہم وطنوں کے مسائل کو کیسے حل کیا جائے اس کے لیے بھی کانگریس پارٹی عوام کی آواز بن کر سامنے آ رہی ہے۔ اسی ضمن میں دہلی کانگریس نے دہلی کے لوگوں کے لیے ’پیاری دیدی یوجنا‘ اور ’جیون رکشا یوجنا‘ کا اعلان کیا۔‘‘ قاضی نظام الدین نے مزید کہا کہ جن جن صوبوں میں کانگریس کی حکومت ہے وہاں ترقی اور بہتر زندگی فراہم کرنے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔
قاضی نظام الدین نے کہا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے بعد بھی راہل گاندھی نے عام لوگوں سے ملنا نہیں چھوڑا وقتاً فوقتاً وہ لوگوں سے ملتے رہے، ان کے احوال جاننے کی کوشش کرتے رہے۔ ابھی حال ہی میں راہل گاندھی نے آنند وہار ریلوے اسٹیشن پر لوگوں سے ملاقات کی۔ یہی نہیں، انہوں نے سیلون والوں سے، موٹر میکینک سے، کمہاروں سے، سڑک پر روزی روٹی کمانے والوں سے ملاقات کی، اور مہنگائی کا اندازہ لگانے کے لیے آزاد پور سبزی منڈی بھی گئے۔ قاضی نظام الدین نے اس دوران ’دہلی نیائے یاترا‘ کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کی کامیاب ’دہلی نیائے یاترا‘ راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی ہی پیروی تھی اور اس میں دہلی کے لاکھوں لوگوں نے حصہ لیا۔
قاضی نظام الدین نے میڈیا سے خطاب کے دوران بی جے پی اور عآپ پر حملہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیجریوال اور بی جے پی کی 11 سالہ غلط اور تباہ کن حکمرانی سے پریشان ہو کر دہلی کے لوگوں نے کانگریس کو دوبارہ حکومت میں واپس لانے کا وعدہ کیا ہے۔ کانگریس وہ پارٹی ہے کہ جو کہتی ہے اسے پوار کرتی ہے۔ جن ریاستوں میں کانگریس یا انڈیا اتحاد کی حکومت ہے وہاں عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے گئے ہیں۔ تلنگانہ، کرناٹک اور جھارکھنڈ اس کی واضح مثالیں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link