ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا سے ایلیفنٹا جزیرے کی جانب درجنوں مسافروں کو لے جا رہی ایک کشتی بدھ کو بحریہ کی ایک کشتی سے ٹکرانے کے بعد پلٹ گئی۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بحریہ کی ایک کشتی نے مسافر کو لے جا رہی کشتی کو ٹکر مار دی، جس میں 13 لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ کے بعد 101 لوگوں کو بچا لیا گیا ہے، لیکن کئی افراد گمشدہ بھی ہیں۔ لاپتہ افراد کے بارے میں حتمی تعداد ابھی سامنے نہیں آئی ہے، لیکن ان کی تلاشی جاری ہے۔ حادثے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں کشتی پانی میں ڈوبتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ویڈیو میں لائف جیکٹس پہنے ہوئے لوگ مسافروں کو بچاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔